پٹنہ:
بہار میں پیر کے روز یومِ آزادی دھوم دھام سے منایا جا رہا ہے۔ ریاست میں سرکاری تقریب کا انعقاد پٹنہ کے تاریخی گاندھی میدان میں منعقد کیا گیا جہاں ریاست کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے قومی پرچم لہرایا۔ نتیش کمار نے اس موقع پر کہا کہ ’’ملک میں آبادی پر قابو کے لیے کسی قانون کی ضرورت نہیں ہے۔‘‘ بی جے پی کا ساتھ چھوڑنے کے بعد یومِ آزادی پر نتیش کمار کی یہ پہلی تقریر ہے۔ پرچم کشائی کے بعد لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے بہار کے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست میں ترقی کے کئی کام ہوئے ہیں، سماجی اصلاح کے لیے بھی لگاتار کام ہو رہے ہیں۔ انھوں نے شرح پیدائش کو کم کرنے کے لیے لڑکیوں کی تعلیم کو فروغ دینے پر زور دیا۔
نتیش کمار نے کہا کہ آبادی پر پابندی لگانے کی ضرورت نہیں ہے۔ ریاست میں لڑکیوں کی تعلیم کو فروغ دینے کے بعد ریاست میں شرح پیدائش میں گراوٹ آئی ہے۔ فی الحال ریاست میں شرح پیدائش 2.9 فیصد ہے۔ انھوں نے اپنے خطاب میں یہ بھی کہا کہ ملازمت اور روزگار کا کام ہوگا، 20 لاکھ لوگوں کو ملازمت اور روزگار دینے کی تیاری ہوگی۔
وزیر اعلیٰ نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں موسم کے موافق زراعت کا کام چل رہا ہے۔ سالانہ ڈیڑھ لاکھ کسانوں کو تربیت دی جا رہی ہے۔ اس دوران نتیش کمار نے ذات پر مبنی مردم شماری کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت کے ذریعہ یہ کام ضرور کرایا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ اس میں 500 کروڑ روپے خرچ ہونے کا اندازہ ہے۔ اس مردم شماری کے ساتھ ہی معاشی سروے بھی کرایا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ چاہے کوئی کسی بھی ذات کا ہو، سب کا شمار ہوگا کہ کون کتنا غریب ہے۔ معاشی اصلاح کی سمت میں کام کیا جائے گا، اور جو مطالبات مرکز کے سامنے رکھنے ہیں وہ تو رکھے ہی جائیں گے، لیکن جو ریاستی حکومت کی ذمہ داری ہے وہ ہم اپنی سطح سے کریں گے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سب سے بڑی ضرورت اس وقت انصاف اور ترقی ہے۔ حکومت کی خواہش ہے کہ سماج میں خیر سگالی اور بھائی چارے کا ماحول قائم رہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ چیلنجز کے بعد ہم لوگ ترقی کی راہ پر گامزن ہیں۔ قبرستانوں کی گھیرابندی کے بعد اب مندروں کی بھی گھیرابندی کرائی جا رہی ہے۔ مندروں میں وقتاً فوقتاً مورتیوں کی چوری ہو جاتی ہے، گھیرابندی ہونے کے بعد ایسے واقعات میں کمی آئے گی۔ سیلاب اور خشک سالی کا تذکرہ کرتے ہوئے نتیش کمار نے کہا کہ ’’سیلاب ہو یا خشک سالی، آفت کی حالت سے نمٹنے کے لیے حکومت لگاتار کام کر رہی ہے۔ اب بچوں کو بھی اسکولوں میں کئی طرح کی تربیت دی جا رہی ہے۔ بچوں کو آفات کا سامنا کرنے کا طریقہ بتایا جا رہا ہے، انھیں تیرنا سکھایا جا رہا ہے۔‘‘