نئی دہلی (پریس ریلیز) ایک مہینے کے اندر ہی دہلی کے اقلیتی طلباء کو ان کی رکی ہوئی تعلیمی فیس مل جائے اور اس سلسلے میں آپ لوگ پوری سنجیدگی سے کام کرتے ہوئے طلباء کی پچھلے سال کی رکی ہوئی تعلیمی فیس جلد از جلد ان کے اکاؤنٹ میں ارسال کردیں۔ ان خیالات کا اظہار آج دہلی اقلیتی کمیشن کے چیئرمین جناب ذاکر خان منصوری نے دہلی اقلیتی کمیشن کی طرف سے ملنے والی اس تعلیمی فیس پر کام کرنے والے ذمہ داران سے کیا۔ اس میٹنگ میں ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے ایس ڈی ایم منوندر سنگھ، ڈائریکٹر آف ایجوکیشن زرین تاج، اسسٹینٹ ڈائریکٹر ششی نارنگ، نوڈل افیسر سدھیر کمار، منیجر انجو رندھاوا وغیرہ شریک رہے۔
واضح رہے کہ دہلی اقلیتی کمیشن پرائیویٹ اسکولوں میں پڑھنے والے طلباء کو ہر ماہ چار ہزار تعلیمی فیس دیتی ہے اور یہ 48 ہزار روپے سال کے آخر میں یک مشت طلباء کے اکاؤنٹ میں براہِ راست بھیج دی جاتی ہے۔ اسی طرح سے اقلیتی طلباء کو دہلی اقلیتی کمیشن 18 ہزار سے 25 ہزاروں تک وظیفہ بھی دیتی ہے۔ یاد رہے کہ 2021ء-2020ء سیشن میں تعلیمی فیس پانے کے لیے ٹوٹل 6671 طلباء نے فارم اپلائی کیا تھا۔ جس میں سے 4282 طلباء کو فیس واپس مل گئی تھی۔ اسی طرح سے 2022ء-2021ء سیشن کے لیے ٹوٹل 7989 طلباء نے فارم اپلائی کیا تھا۔ جس میں سے 401 طلباء کو فیس واپس مل گئی ہے، جبکہ 5801 طلباء کی تعلیمی فیس ابھی بھی رکی ہوئی ہے۔ یہی رکی ہوئی تعلیمی فیس ایک ماہ کے اندر اندر ہر حال میں طلباء کے اکاؤنٹ میں آجائے گی۔
بتادیں کہ دہلی اقلیتی کیمشن کی طرف سے ملنے والی اس تعلیمی فیس کے لیے 2023ء-2022ء سیشن کے طلباء اس سال یکم مارچ سے آن لائن یہ فارم اپلائی کرسکتے ہیں۔