نئی دہلی (یو این آئی) مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جموں و کشمیر میں دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی کو سختی سے نافذ کرنے کی ہدایت دی ہے۔مسٹر شاہ نے یہ بات بدھ کو یہاں جموں و کشمیر کی سیکورٹی صورتحال اور ترقی کے پہلوؤں پر ایک جائزہ میٹنگ میں کہی۔ انہوں نے سیکیورٹی گرڈ کے کام کاج اور سیکیورٹی سے متعلق تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا اور دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کرنے کے لیے ضروری ہدایات دیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ عام آدمی کے مفادات کے تحفظ کے لیے ضروری ہے کہ دہشت گردی- علیحدگی پسند مہم کی امداد، بڑھاو دینے والے عناصر اور دہشت گردی کے ماحولیاتی نظام کو ختم کیا جائے گا۔
میٹنگ کے دوران انہوں نے مرکزی علاقے جموں و کشمیر میں جاری مختلف ترقیاتی کاموں کا بھی جائزہ لیا اور پروجیکٹوں کی بروقت تکمیل پر زور دیا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ مختلف اسکیموں کے تحت مستحقین کے 100 فیصد اطمینان کے لیے بہترین کوششیں کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ترقی کے ثمرات معاشرے کے ہر طبقے تک پہنچیں۔میٹنگ میں جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، مرکزی داخلہ سکریٹری، ڈائریکٹر (آئی بی)، را کے چیف اور حکومت ہند کے دیگر سینئر افسران سمیت مرکز کے زیر انتظام علاقے جموں و کشمیر کےکے افسران نے بھی شرکت کی۔مسٹر شاہ نے ایک اور میٹنگ میں لیہہ اور لداخ میں سیکورٹی کی صورتحال اور ترقیاتی پروجیکٹوں کا بھی جائزہ لیا۔