لکھنؤ:(یواین آئی) اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے منگل کو گریٹر نوئیڈا کو گنگا جل پروجکٹ سمیت 1670کروڑ روپئے کے اخراجات والے مختلف پروجکٹوں کی سوغات دی ہے۔ گریٹر نوئیڈا کے نالج پاک۔4 میں وزیر اعلی یوگی نے ان پروجکٹوں کا افتتاح و سنگ بنیاد رکھا۔ ملحوظ رہے کہ 85کیوسک پانی کی گراہمی کی اہلیت والے گنگا جل پروجکٹ کا آغاز ہونے کے بعد گھروں میں شفاف پینے کے پانی کی دستیاب ممکن ہوگی۔اس موقع پر وزیر اعلی یوگی نے کہا کہ گوتم بدھ نگر ملک ہی نہیں بیرون ملک میں بھی سرمایہ کاری کا سب سے اچھا ہب بن رہا ہے۔ یوگی نے کہا کہ گزشتہ ساڑھے پانچ سالوں میں یہاں نئی ۔نئی چیزیں آئی ہیں۔ یہاں میٹرو شروع ہوئی، جیور میں ایشیا کا سب سے بڑا ائیر پورٹ بن رہا ہے، یہاں فلم سٹی بننے جا رہی ہے، میڈیکل ڈیوائس پارک بننے جا رہا ہے اور بہت سارے منصوبے جلد یہاں آنے والے ہیں۔ یہ شعبہ لاکھوں نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کی طرف بڑھ رہا ہے، لاکھوں خاندانوں کو خود انحصاری کی طرف لے جا رہا ہے۔ سرمایہ کاری کے نئے شعبے یہاں بنائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا’پہلے ہم صرف آئی ٹی اور آئی ٹی ایم ایس میں سرمایہ کاری کو دیکھتے تھے، لیکن اب یہ شعبہ ملٹی ماڈل ٹرانسپورٹ ہب اور ملٹی ماڈل لاجسٹکس ہب کی شکل میں تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ ان میں سے کچھ پروجکٹوں کا افتتاح ہوا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اب تک لوگ گنگا میں نہانے جاتے تھے، لیکن اب ‘ گنگا میا’خود لوگوں کے گھر شفاف پانی پہنچانے آئی ہیں۔ اس علاقے کو 85 کیوسک گنگا کا پانی دستیاب ہونے والا ہے۔ یہاں 176 کلومیٹر۔ پائپ لائن کا جال بچھایا گیا ہے، 5 ایکڑ میں 19 آبی ذخائر تعمیر کیے گئے ہیں۔ اس پر 376 کروڑ روپے خرچ ہوئے ہیں۔ اس کے ذریعے تقریباً 04 لاکھ لوگ پینے کا صاف پانی حاصل کر سکیں گے۔ یہاں یہ سہولت 28 رہائشی سیکٹرس میں دستیاب ہوگی۔ مارچ 2023 تک 38 رہائشی سیکٹروں کو گنگا کا شفاف پانی فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ ترقی میں رکاوٹ بنتے تھے، انہوں نے یہاں بھی کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ ہم نے پہلے ہی کہا تھا کہ کسان کو جو بھی مسئلہ درپیش ہوگا، ہم اسے بات چیت سے حل کریں گے۔ ہم کسانوں کے ساتھ، نوجوانوں کے ساتھ، یہاں کام کرنے والے مزدوروں کے ساتھ بات چیت کریں گے اور ہم ان لوگوں کے ساتھ سختی سے پیش آئیں گے جو مافیا فطرت کے عناصر ہیں۔ یوگی نے کہا کہ زیر التوا اسکیموں کو نافذ کرنے میں اتنے سال لگے کیونکہ کچھ لوگ اس میں رکاوٹیں ڈالتے تھے۔ ان تمام رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے 85 کیوسک شفاف گنگا جل دستیاب ہونے لگاہے۔ اس کام کو مقررہ مدت میں مکمل کریں گے۔