اجمیر (یو این آئی) راجستھان کے اجمیر میں خواجہ معین الدین حسن چشتی کے 811 ویں سالانہ عرس میں شرکت کے لیے ہمسایہ ملک پاکستان سے 240 زائرین آج صبح 10.50 بجے اجمیر شریف پہنچے۔
امرتسر اجمیر ٹرین کے ذریعے یہاں پہنچنے والا پاک قافلہ 9 دن قیام کرے گا اور غریب نواز کے عرس میں شرکت کرے گا نیز حکومت پاکستان کی جانب سے مخملی چادر اور عقیدت کے پھول پیش کرے گا۔
اجمیر پہنچنے پر خفیہ پولیس اہلکاروں نے انہیں حفاظتی حصار میں لے لیا۔ اس کے بعد روڈ ویز کی بسوں کے ذریعے انہیں پرانی منڈی کے سنٹرل گرلز اسکول کی عمارت میں لایا گیا جہاں انہیں رکھا گیا ہے۔ پاکستانی زائرین کو یہاں قیام کرتے ہوئے ویزا ضوابط پر عمل کرنا ہوگا، جس میں وہ گروپ میں ہی قیام گاہ سے درگاہ تک آمدورفت کرسکیں گے۔ پاک قافلہ یکم فروری کی رات اپنے وطن واپس لوٹ جائے گا۔