پھلواری شریف (پریس ریلیز)آج آل انڈیا ملی کونسل بہار کے ریاستی دفتر میں قومی نائب صدر آل انڈیا ملی کونسل مولانا انیس الرحمن قاسمی کی صدارت میں ایک اہم نشست ہوئی،جس میں یہ فیصلہ لیا گیا کہ ابواکلام ریسرچ فاؤنڈیشن پھلواری شریف،پٹنہ اورآل انڈیا ملی کونسل بہار کے اشتراک سے قرآن مجید کے ہندوستانی تراجم وتفاسیر کے موضوع پر ایک سیمینارمنعقد کیا جائے گا۔یہ سیمینار 20/اگست 2023ء بروز اتوار پٹنہ میں منعقد ہوگا۔ سیمینارکی تیاریاں شروع کردی گئیں ہیں،ذیل عناوین بھی مقرر کر لیے گئے ہیں،سنیچر سے ان شاء اللہ مقالہ نگاروں سے رابطہ قائم کر کے ان سے مقالہ لکھنے کی درخواست کی جائے گی۔سیمینار کے مقالات کتابی شکل میں شائع بھی کئے جائیں گے۔یہ تفصیلات بتاتے ہوئے آل انڈیا ملی کونسل بہار کے کارگزارجنرل سکریٹری مفتی محمد نافع عارفی نے کہا کہ قرآن مجید اللہ تعالیٰ کی آخری کتاب ہے اورقیامت تک آنے والے انسانوں کی کامیابی وکامرانی اس کتاب سے وابستہ کردی گئی ہے۔ عہد صحابہ ہی سے اس کتاب الٰہی پر غوروتدبر اوراس کی خدمت کی طویل تاریخ ہمیں ملتی ہے۔ ہر دورکے اہل علم وادب اورصاحب فکرونظر نے قرآن کریم کی خدمت اپنے لیے باعث صد افتخار اوروجہ نجات سمجھتے رہے ہیں۔ ہمارا ملک ہندوستان بھی قرآن مجید کی خدمت میں کسی سے پیچھے نہیں رہا،مختلف ہندوستانی زبانوں میں قرآن کریم کے ترجمے کئے گئے اورتفسیریں لکھی گئیں۔مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے اہل علم وتحقیق نے قرآن کریم کی تفسیریں لکھی ہیں۔ برصغیر میں خدمت قرآن کی ایک روشن تاریخ موجود ہے۔اس عظیم کارنامے سے نئی نسل کو واقف کرانا ضروری ہے۔
اس میٹنگ میں گفتگو کرتے ہوئے مولانا انیس الرحمن قاسمی نے کہا کہ اس طرح کے سیمینار ملی کونسل دیگر اداروں کے اشتراک سے ہر ضلع میں منعقد کرے گی۔مولاناقاسمی نے مزید کہا کہ ابوالکلام ریسرچ فاؤنڈیشن اورآل انڈیا ملی کونسل نے فیصلہ کیا ہے کہ ہر سال کم از کم تین سیمینار ریاست کے مختلف اضلاع میں منعقد کرے گی۔اس طرح نئی نسل اوربطورخاص علماء میں تحقیق ذوق پیداہوگا اوروہ مختلف علمی میدانوں میں امت کی ضرورت کے مطابق تحقیقی کام انجام دے سکیں گے۔
اس کی تائید کرتے ہوئے مولانا محمد عالم قاسمی جنرل سکریٹری آل انڈیا ملی کونسل بہار اورریاستی نائب صدر مولانا ابوالکلام قاسمی شمسی نے کہا کہ قرآن کریم سے عوام تو عوام علمااورخواص کا رشتہ کمزور پڑتا جارہا ہے۔ اس طرح کے علمی نشستوں اورسیمیناروں سے قرآن کریم کے تئیں لوگوں میں بیداری آئے گی اورقرآن کریم پر عمل کے جذبے کوفروغ ملے گا۔جب کہ مشہور شیعہ عالم دین مولانا سید امانت حسین جنرل سکریٹری مجلس علماء وخطباء امامیہ بہارنے کہا کہ قرآن کریم تمام مسلمانوں کے لیے نقطہ اتحاد ہے،اوراسی پر عمل ہماری دونوں جہاں میں کامیابی کی ضمانت دیتا ہے۔ اس طرح کے سیمینار سے نہ صرف یہ قرآن کریم کا پیغام عام ہوگا،بلکہ قرآن کریم کی خدمت کی تاریخ بھی سامنے آئے گی اورنئی نسل میں خدمت قرآن کریم کا جذبہ پیدا ہوگا۔اس میٹنگ میں مذکورہ شخصیات کے علاوہ قاری صہیب صاحب مظفرپور،مولانا اشرف علی قاسمی، مولانا رضاء اللہ قاسمی،مولانا فیضان قاسمی، جناب علی احمد،ابونصر ہاشم ندوی وغیرہ شریک تھے۔