نئی دہلی (یو این آئی) قومی دارالحکومت کے دوارکا کے موہن گارڈن تھانہ علاقے میں بدھ کی صبح دو افراد نے مبینہ طور پر ایک لڑکی پر تیزاب پھینک دیا۔ اس واقعہ میں جھلسی لڑکی کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ پولیس نے کہا کہ اس معاملے میں ایک شخص کو حراست میں لیا گیا ہے اور اصل حقائق اور دوسرے شخص کے ملوث ہونے کا پتہ لگانے کے لیے تفتیش جاری ہے۔
پولیس نے بتایا کہ موہن گارڈن تھانہ علاقے میں ایک لڑکی پر تیزاب پھینکنے کے واقعہ کے سلسلے میں پولیس کو صبح 9 بجے کے قریب پی سی آر کال موصول ہوئی۔ بتایا گیا ہے کہ صبح 7.30 بجے کے قریب دو موٹر سائیکل سوار افراد نے ایک 17 سالہ لڑکی پر مبینہ طور پر تیزاب جیسی چیز پھینک دی۔
واقعہ کے وقت لڑکی اپنی چھوٹی بہن کے ساتھ تھی۔ اس نے اپنے جاننے والے دو لوگوں پر شک ظاہر کیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں تفتیش جاری ہے۔ دوسری جانب تیزاب پھینکنے کے واقعہ پر دہلی کمیشن برائے خواتین کی چیئرپرسن سواتی مالیوال نے ٹوئٹ کیا کہ ملک کے دارالحکومت میں دو بدمعاشوں نے دن دہاڑے ایک لڑکی پر تیزاب پھینک دیا اور فرار ہوگئے۔ کیا کوئی قانون سے ڈرتا ہے؟ تیزاب پر پابندی کیوں نہیں؟
انہوں نے کہاکہ ’’دوارکا موڑ کے قریب ایک لڑکی پر تیزاب پھینکا گیا۔ ہماری ٹیم متاثرہ کی مدد کے لیے ہسپتال پہنچ رہی ہے۔ بیٹی کو انصاف دلائیں گے۔ دہلی کمیشن برائے خواتین ملک میں تیزاب پر پابندی کے لیے برسوں سے جدوجہد کر رہا ہے۔ حکومتیں کب جاگیں گی؟ ‘‘