کولکتہ: مغربی بنگال میں رام نومی کے دن شروع ہونے والا تشدد کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ ہوڑہ اور شمالی دیناج پور میں ناخوشگوار واقعات رونماہونے کے بعداب ہگلی میں بھی تشدد کا ایک معاملہ سامنے آیا ہے۔ ہگلی میں رام نومی تھیم پر نکالے گئے جلوس کے دوران تشدد برپا ہوگیا۔ اس جلوس کا اہتمام بی جے پی نے کیا تھا۔ جلوس کے دوران دو گروپ آپس میں لڑ پڑے۔ پتھراؤ کے دوران بی جے پی کا ایک ایم ایل اے زخمی ہوا، جسے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق جلوس کے دوران کافی پتھراؤ ہوا۔ کچھ لوگوں کو پتھراؤ سے بچنے کے لیے محفوظ مقامات کی تلاش میں بھاگتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔ اس دوران آتشزنی بھی کی گئی۔ تشدد میں بی جے پی ایم ایل اے بیمن گھوش بھی زخمی ہوئے، جنہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ تشدد سے متاثرہ علاقوں میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی علاقے میں اگلے 24 گھنٹوں کے لیے انٹرنیٹ سروس بھی بند کر دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ہاوڑہ اور اتر دیناج پور میں جمعرات کو رام نومی کے موقع پر تشدد ہوا تھا۔ دونوں جگہوں پر رام نومی جلوس کے دوران دونوں گروپوں کے درمیان لڑائی اور پتھراؤ کے واقعات پیش آئے تھے۔ شرپسندوں نے کئی گاڑیوں کو آگ لگا دی تھی۔ کشیدگی کے پیش نظر تشدد سے متاثرہ علاقوں میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔ اس درمیان بنگال پولس نے دعویٰ کیا ہے کہ ہوڑہ میں حالات پرامن اور قابو میں ہیں۔ صبح ٹریفک کی آمدورفت شروع ہوتے ہی دکانیں اور بازار کھل گئے۔