نئی دہلی( ہندوستان ایکسپریس ویب ڈیسک): بالی ووڈ کی معروف اداکارہ امیشا پٹیل نے پاکستانی اداکار عمران عباس کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ پاکستانی اخبار روزنامہ جنگ کی اطلاع کے مطابق عمران عباس نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر امیشا پٹیل کے ساتھ بحرین سے ایک لائیو انسٹاگرام سیشن کیا۔اس لائیو سیشن میں امیشا پٹیل نے بتایا کہ’ میں آج سے پہلے انسٹاگرام پر لائیو نہیں آئی اور آج میرا انسٹاگرام ڈیبیو لائیو سیشن ہے‘۔
عمران عباس نے کہا کہ’ہمیں ایک ساتھ کہیں تو لانچ ہونا تھا تو ہم نے ایک ساتھ لائیو انسٹاگرام سیشن کرلیا کیونکہ کئی سال پہلے ایک فلم میں ہم دونوں ساتھ کام کرنے والے تھے لیکن وہ فلم بنی نہیں‘۔عمران عباس کے پوچھنے پر اپیشا پٹیل نے بتایا کہ’مجھے پاکستان اور بھارت کے لوگوں کو ایک ساتھ دیکھ بہت اچھا لگتا ہے اور میرا خیال ہے کہ فلمیں دونوں ملکوں کو قریب لاتی ہیں اور میری خواہش ہے سب کو ہم اداکاروں سے سبق سیکھنا چاہیے اور پُر اَمن رہنا چاہیے‘۔
امیشا پٹیل نے مستقبل میں عمران عباس کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔دونوں اداکاروں کا کہنا تھا کہ اُنہوں نے انسٹاگرام پر یہ لائیو سیشن صرف محبت پھیلانے کے لیے کیا۔اس کے علاوہ دونوں ساتھی اداکاروں نے لائیو سیشن میں فلموں اور میوزک کے بارے میں گفتگو کی۔