نئی دہلی: سابق چیف جسٹس آف انڈیا اے ایم احمدی کے انتقال پُر ملال پر امیر جماعت اسلامی ہند سید سعادت اللہ حسینی نے اپنے گہرے رنج و غم کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ ” جسٹس احمدی کی موت ملک و ملت کا ایک عظیم خسارہ ہے۔ انہوں نے اپنی زندگی میں سپریم کورٹ کے کئی اہم فیصلوں میں اہم کرداد ادا کیا۔ وہ ہندوستان کے واحد ایسے چیف جسٹس تھے جنہوں نے عدلیہ کے نچلے عہدے سے شروعات کی اور اپنے شعورو دانش اور علم و آگہی کی بدولت ترقی کی منزلیں طے کرتے ہوئے ہندوستانی عدلیہ کے اعلیٰ ترین عہدے پر فائز ہوئے ۔ محترم امیر جماعت نے کہا کہ ”جسٹس احمدی ریٹائرمنٹ کے بعد عوامی زندگی میں سرگرم تھے،بالخصوص مسلمانوں کی پسماندگی کے بارے میں بہت فکر مند رہتے تھے، وہ چاہتے تھے کہ حکومت مسلمانوں کی سماجی، معاشی اور تعلیمی پسماندگی کے مسائل کو ٹھوس بنیادوں پر حل کرے اور ملک کے ہر شہری کو مساوی مواقع ملیں۔ جسٹس احمدی نے محروم طبقات کو بااختیار بنانے کی بھی بھرپور وکالت کی تھی۔ اللہ ان کی خدمات کو قبول کرے، ان کی کوتاہیوں کو معاف کرے ، انہیں جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے لواحقین اور رشتہ داروں کو صبر جمیل دے”۔