علی گڑھ(ہندوستان ایکسپریس ویب ڈیسک): مغربی بنگال کے مالدہ ضلع کے گزول کالج میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ انگریزی کی اسسٹنٹ پروفیسر محترمہ علیشا ابکار کو مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ محترمہ ممتا بنرجی نے اعزاز سے نوازا۔ دفتر رابطہ عامہ، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی جانب سے جاری کردہ ریلیز کے مطابقتقریب میں کامن ویلتھ شیئرڈ اسکالرشپ اسکیم (2021-22) کے تحت واروِک یونیورسٹی سے اپلائیڈ تھیئٹر (آرٹس، ایکشن، چینج) میں امتیازی نمبروں سے ماسٹرز مکمل کرنے والے 36 فنکاروں اور مقامی سماجی کارکنوں کو آرٹ، زراعت، تعلیم اور سوشل ورک کے مختلف زمروں کے تحت ان کی حصولیابیوں کے لیے اعزاز سے نوازا گیا۔ محترمہ علیشا ابکار نے حال ہی میں کامن ویلتھ شیئرڈ اسکالرشپ اسکیم کے تحت یونیورسٹی آف واروِک سے اپلائیڈ تھیٹر (آرٹس، ایکشن، چینج) میں امتیاز کے ساتھ ماسٹرز مکمل کیا ہے۔ انھیں تعلیم کے شعبہ میں اعزاز سے نوازا گیا۔ کورس کی تکمیل اور ملک واپسی کے بعد محترمہ علیشا ابکار نے مغربی بنگال کے دور دراز کے علاقوں میں مختلف تعلیمی اداروں میں سماجی اور تعلیمی اہمیت کے مسائل پر اپلائیڈ تھیئٹر ورکشاپ سیریز کا انعقاد کیا ۔