علی گڑھ:: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی طالبہ مس پرتیکشا سنگھ ، اور اے ایم یو کے سابق طالب علم انوپم گپتا نے کنگ جارج میڈیکل یونیورسٹی (کے جی ایم یو)، لکھنؤ میں 23-24 مارچ کو منعقد ہونے والی وائی- 20انڈیا چوٹی کانفرنس میں علی گڑھ ضلع کی نمائندگی کرتے ہوئے شرکت کی، جو جی 20 چوٹی کانفرنس کا ایک حصہ تھی ۔ دو روزہ سربراہی اجلاس کا اہتمام وزات امور نوجوانان و کھیل، حکومت ہند نے ’صحت، بہبود، اور کھیل: نوجوانوں کے لیے ایجنڈا‘ موضوع پر کیا تھا۔
یوتھ-20 (وائی -20) سبھی جی 20 ممبر ممالک کے نوجوانوں کے لیے ایک مشاورتی فورم ہے تاکہ وہ ایک دوسرے کے ساتھ گفت و شنید کر سکیں۔ وائی-20 نوجوانوں کو مستقبل کے لیڈر کے طور پر، عالمی مسائل کے بارے میں بیداری پیدا کرنے، خیالات کا تبادلہ کرنے، گفت و شنید کرنے اور اتفاق رائے تک پہنچنے کی ترغیب دیتا ہے۔
وائی-20 چوٹی کانفرنس ، لکھنؤ کا مقصد نوجوانوں پر مرکوز ہندوستان کی کوششوں کو سامنے لاناتھا۔ دنیا بھر کے ماہرین نے کھیلوں اور یوگ کے ذریعے دماغی و ذہنی تناؤ میں قومی و بین الاقوامی سطح پر نوجوانوں کی رہنمائی کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
پرتیکشا سنگھ ایم بی اے، شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن (ایف ایم ایس آر) کی آخری سال کی طالبہ ہیں، جبکہ انوپم گپتا ایم ایس سی، شعبہ فزکس، اے ایم یو کے سابق طالب علم ہیں۔پرتیکشا سنگھ نے اس موقع پر کہا ’’قومیں سرحدوں میں تقسیم ہو سکتی ہیں لیکن ہمارے مسائل مشترکہ ہیں، جن کا حل نوجوانوں کے باہمی مکالمے اور ہم آہنگی سے ہی ممکن ہے‘‘۔
چیف ڈیولپمنٹ آفیسر کی سربراہی میں ڈسٹرکٹ یوتھ کوآرڈینیٹر، ڈسٹرکٹ یوتھ ویلفیئر آفیسر، اور ڈسٹرکٹ بیسک شکشا ادھیکاری (بی ایس اے) پر مشتمل ایک پینل نے ماضی کی کارکردگی اور مقابلہ جاتی بنیادوں پر وائی-20چوٹی کانفرنس میں علی گڑھ ضلع کی نمائندگی کے لئے دونوں طلباء کا انتخاب کیا تھا۔