اقوام متحدہ (ایجنسیاں):آسکر ایوارڈ یافتہ ہالی وڈ اداکارہ انجلینا جولی نے اقوام متحدہ کے ادارے برائے پناہ گزین (یواین ایچ سی آر) کے سفیر کے عہدے سے سبکدوش ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔ بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق اس بات کا اعلان انجلینا جولی نے اپنے انسٹاگرام پیج پرایک پوسٹ میں کیا۔
انھوں نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا کہ ’مجھے اقوام متحدہ کے کیے جانے والے بہت سے کاموں پر یقین ہے خاص طور پر جب وہ ہنگامی امداد کے ذریعے زندگیوں کو بچاتے اور محفوظ بناتے ہیں۔پناہ گزین افراد وہ لوگ ہیں جن کی میں دنیا میں سب سے زیادہ عزت کرتی ہوں اور اب اپنی باقی زندگی بھی ان ہی کے لیے کام کرنے میں وقف کروں گی۔‘
47 سالہ امریکی اداکارہ انجلینا جولی 20 سال سے زائد عرصے تک اقوام متحدہ کے ادارے برائے پناہ گزین میں نمائندہ خصوصی کے طور پر وابستہ رہی ہیں۔انجلینا جولی نے اپنی انسٹا گرام پوسٹ میں مزید لکھا کہ اب وہ ان تنظیموں کے ساتھ کام کریں گی جن کی قیادت ایسے لوگوں کی آواز بنتی ہے جو تنازعات میں براہ راست اورسب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔تاہم اپنی پوسٹ میں انھوں نے اُن تنظیموں کے بارے میں کوئی تفصیلات فراہم نہیں کیں جن کے ساتھ وہ اب آگے کام کریں گی۔
انجلینا جولی کے اس اعلان پر اقوام متحدہ کے ادارے برائے پناہ گزین (یو این ایچ سی آر )نے کہا ہے کہ ’پناہ گزینوں کے حقوق کی آوازاٹھانے والوں میں انجلینا سب سے زیادہ با اثر شخصیت رہی ہیں۔‘
یو این ایچ سی آر کے جاری بیان کے مطابق انجلینا انسانی حقوق اوراس سے متعلق درپیش مسائل پرمزید کام کرنے کے لیے کوشاں رہیں گی۔ بیان کے مطابق ’انجلینا جولی نے انسانی حقوق پرکام کرنے میں انتھک محنت کی ہے۔ (ادارے سے وابستگی کے دوران) انھوں نے 60 سے زیادہ فیلڈ مشن انجام دیے ہیں تاکہ مصائب کو سامنے لانے کے ساتھ ساتھ لوگوں میں امید جگائی جا سکے۔‘
انجلینا جولی نے ہالی وڈ فلم مسٹراینڈ مسز سمتھ ،لارا کرافٹ ٹومب رائیڈر سمیت متعدد بلاک بسٹرز فلموں میں شاندار اداکاری کی ہے۔
وہ یو این ایچ سی آر سے 2001 میں منسلک ہوئیں جبکہ 2012 میں وہ ادارے کی نمائندہ خصوصی بنیں۔ انھوں نے حالیہ مہینوں میں جنگ زدہ یوکرین، یمن اور افریقی ملک برکینا فاسو کا دورہ کیا اور وہاں بے گھر لوگوں سے مل کر ان کی داد رسی کی اور دنیا تک ان کے مسائل پہنچائے۔