اسی معاملے میں نچلی عدالت سے سزا ملنے کے بعد سماجوادی پارٹی کے لیڈر کی اسمبلی کی رکنیت چھین لی گئی تھی
رام پور: رام پور کی ایم پی ایم ایل اے سیشن کورٹ نے سماج وادی پارٹی کے رہنما اعظم خان کواشتعال انگیز تقریر کے معاملے میں بری کر دیا ہے۔ خیال رہے کہ اعظم خان پر یہ الزام تھا کہ 2019 کے لوک سبھا انتخابات کے دوران انہوں نے ایسی تقریر کی تھی،جسے اشتعال انگیز قراردیا گیا تھا۔ رام پور کی ایم پی ایم ایل اے سیشن کورٹ سے بڑی راحت ملنے کی تصدیق اعظم خان کے وکیل ونود پانڈے نے کی ہے۔ انہوں نے اس بابت کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ ہمیں انصاف ملا ہے۔
ذہن نشیں رہے کہ اکتوبر 2022 میں رام پور کی ایک نچلی عدالت نے اعظم خان کواس معاملہ میں آئی پی سی کی دفعہ 153A، 505A اور 125 کے تحت قصوروار قرار دیتے ہوئے انہیں تین سال قید کی سزا سنائی تھی۔ خاص بات یہ بھی ہے کہ نچلی عدالت کا فیصلہ آتے ہی اعظم خان کی قانون ساز اسمبلی کی رکنیت 28 اکتوبر 2022 کو منسوخ کر دی گئی تھی۔ بعدازاں رام پور اسمبلی سیٹ پر ضمنی انتخاب بھی کرالیا گیا تھا،جس میں اعظم خان کے قریبی سمجھے جانے والے عاصم راجہ کو شکست ہوئی تھی اور بی جے پی کے آکاش سکسینہ کو فاتح قرار دیا گیا تھا۔