نئی دہلی (یو این آئی) تریپورہ، ناگالینڈ اور میگھالیہ میں اسمبلی انتخابات سے قبل جمعہ کو نئی دہلی میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی مرکزی انتخابی کمیٹی کی ایک اہم میٹنگ جاری ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی صدر جے پی نڈا، کمیٹی کے دیگر ارکان اور شمال مشرقی علاقے سے پارٹی کے کئی سینئر لیڈر پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ میٹنگ میں حصہ لے رہے ہیں۔ تریپورہ میں 16 فروری اور ناگالینڈ اور میگھالیہ میں 27 فروری کو اسمبلی انتخابات ہوں گے۔بی جے پی ذرائع کے مطابق مرکزی الیکشن کمیٹی کی اس میٹنگ میں شمال مشرقی خطے کی ان تین ریاستوں کے لیے پارٹی کی حکمت عملی اور ممکنہ امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دی جا سکتی ہے۔ تریپورہ کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر مانک ساہا اور ریاستی بی جے پی صدر راجیو بھٹاچارجی اس میٹنگ کے سلسلے میں دہلی میں ہیں۔ انہوں نے کل یہاں ریاستی الیکشن انچارج مہیش شرما، شمال مشرقی ریاستوں کے بی جے پی کنوینر سمبت پاترا اور تریپورہ کے سابق وزیر اعلیٰ بپلب دیب، پارٹی صدر نڈا اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے ساتھ میٹنگ کی۔
بی جے پی نے 2018 میں تریپورہ کی 60 رکنی ریاستی اسمبلی میں بائیں بازو کی جماعتوں کے اتحاد کو اقتدار سے بے دخل کردیا تھا۔ اس بار 60 رکنی اسمبلی انتخابات میں کانگریس اور بایاں محاذ مل کر مقابلہ کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔60 رکنی ناگالینڈ اسمبلی میں بی جے پی ممکنہ طور پر علاقائی پارٹی چنگوانگ کونیاک کی قیادت والی نیشنلسٹ ڈیموکریٹک پروگریسو پارٹی (این ڈی پی پی) کے ساتھ اتحاد میں الیکشن لڑے گی جہاں علاقائی پارٹی اتحاد میں زیادہ سیٹوں پر مقابلہ کرے گی۔ میگھالیہ کی 60 رکنی اسمبلی میں بی جے پی کو 2018 میں ہوئے گزشتہ انتخابات میں صرف دو سیٹیں ملی تھیں۔ اس بار پارٹی وہاں اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے بھرپور تیاری کر رہی ہے اور تمام سیٹوں پر الیکشن لڑ سکتی ہے۔