اساتذہ کی تقرری میں بدعنوانی کے معاملے کی جانچ کررہی مرکزی ایجنسی کو تحقیقات میں پیش رفت نہ ہونے پر کورٹ نے سنائی کھری کھری
کلکتہ(یواین آئی) اساتذہ کی تقرری میں بدعنوانی کے معاملے کی جانچ کررہی سی بی آئی کو ایک بار پھر عدالت میں پھٹکار لگائی گئی ہے۔جج نے کہا کہ چارج شیٹ پیش کر دی گئی ہے۔مگرتحقیقات میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔ سازش کرنے والوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہو رہی ہے۔درخواست گزار شبموئے بھویا کے وکیل سدیپتا داس گپتا اور وکرم بندیوپادھیائے نے عدالت میں سماعت کے دوران شکایت کی کہ او ایم آر شیٹ تو برآمد کر لی گئی ہے، لیکن سی بی آئی کی جانچ میں کوئی پیش رفت کیوں نہیں ہو رہی ہے۔
دوسری طرف جسٹس بسواجیت باسو نے سی بی آئی سے پوچھاکہ سازش کرنے والوں کے خلاف کیا کارروائی کی گئی ہے؟ پیسے دینے اور لینے والوں کے خلاف کیا کارروائی کی گئی ہے؟ چھیڑ چھاڑ کرنے والوں کے خلاف کیا کارروائی کی گئی ہے؟
اس کے بعد جج نے ایس ایس سی بدعنوانی کیس میں مرکزی تفتیشی ایجنسی کے اہلکاروں کی گرفتاری میں توسیع کرنے کا مشورہ دیا۔ غصے میں انہوں نے کہاکہ عدالت کو بار بار یہ مشورہ کیوں دینا چاہئے کہ سی بی آئی کس طرح تحقیقات کرے گی؟ جن لوگوں نے رقم حاصل کی ہے ان کے ساتھ سی بی آئی کا رویہ کیوں سست ہے؟ ان چھ سالوں میں بہت سے لوگوں نے رقم کی اسمگلنگ کی ہے۔ جج نے مشورہ دیا کہ سی بی آئی کو جلد ہی ایس ایس سی تحقیقات مکمل کرنی چاہئے۔ اگر کیس زیر التوا ہے تو ایس ایس سی نئی بھرتی کا عمل شروع نہیں کر سکے گی۔