این جی او آریاورت مہاسبھا فاؤنڈیشن نےخصوصی تحقیقاتی ٹیم سے چانچ کرانے کیلئے عدالت عظمیٰ سے رجوع کیا
نئی دہلی (یو این آئی) این جی او آریاورت مہاسبھا فاؤنڈیشن نے بہار میں چھپرا کے جعلی شراب سانحہ میں ہونے والی اموات کی ایس آئی ٹی (خصوصی تحقیقاتی ٹیم) سے جانچ کرانے اور غیر قانونی شراب کی تیاری، تجارت اور فروخت پر روک لگانے کے لیے ایک ایکشن پلان تیار کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے پیر کے روز سپریم کورٹ سے رجوع کیا۔
سپریم کورٹ میں داخل کی گئی مفاد عامہ کی عرضی میں کہا گیا ہے کہ مرکز کو بہار زہریلی شراب سانحہ کی ایس آئی ٹی جانچ کرانے اور متاثرہ کے اہل خانہ کو مناسب معاوضہ دینے سے پہلے غیر قانونی شراب کی تیاری، تجارت اور فروخت پر روک لگانے کے لیے ایک قومی ایکشن پلان تیار کرنے کی ہدایت دی جانی چاہئے۔ درخواست میں چیف جسٹس کے سامنے فوری سماعت کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔
درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ ملک میں جعلی شراب پینے سے لوگوں کی موت ہوئی ہو۔ حالیہ برسوں میں گجرات، پنجاب اور ہریانہ، اتر پردیش، اتراکھنڈ اور کرناٹک میں بھی ایسے ہی معاملے سامنے آئے تھے جس میں جان و مال کا بہت زیادہ نقصان ہوا تھا۔عرضی میں کہا گیا ہے کہ بہار کے چھپرا ضلع میں 14 دسمبر کو زہریلی شراب کا معاملہ پیش آیا تھا ۔جعلی شراب پینے سے اب تک 40 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔