علی گڑھ،: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر محمد گلریز نے ممتاز عالم دین اور آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے صدر مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔مولانا ندوی دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ کے ناظم اور آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے صدر تھے۔ انہوں نے 13 اپریل کو لکھنؤ میں آخری سانس لی۔ 1929 میں پیدا ہونے والے مولانا رابع حسنی ندوی ایک مشہور اسلامی اسکالر تھے۔ انہوں نے اسلامی و ثقافتی موضوعات پر متعدد کتابیں لکھیں۔مولانا ندوی علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کورٹ کے رکن بھی رہے اور کئی مواقع پر یونیورسٹی کا دورہ کیا۔ انہوں نے مختلف مواقع پر اے ایم یو میں سیرت کمیٹی کے پروگراموں میں بھی حصہ لیا۔اپنے تعزیتی پیغام میں وائس چانسلر پروفیسر محمد گلریز نے کہا کہ مولانا سید رابع حسنی ندوی کے انتقال سے ملک اور سماج کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ انھوں نے لاکھوں لوگوں کی زندگیوں کو متاثر کیا۔ ہم ان کے اہل خانہ سے گہری تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔ اللہ انھیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔