بی جے پی کو شکست فاش کا سامناکرناپڑ گیا،وزیر اعظم نے دی کانگریس کو جیت کی مبارکباد
نئی دہلی(شاہدالاسلام )کرناٹک کے اسمبلی الیکشن کے نتائج آگئے ہیں اورخاص بات یہ ہے کہ کانگریس نے 137 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ہے،جو مرکز کی حکمراں جماعت بھارتیہ جنتاپارٹی کیلئے سخت ترین جھٹکا ہے۔ادھر 65 سیٹیں جیتنے کے بعد بی جے پی نے کرناٹک انتخابات میں شکست تسلیم کر لی ۔ جے ڈی ایس کوصرف 19 سیٹیں ملی ہیں۔ دیگر کے کھاتے میں 4 سیٹیں آئی ہیں۔الیکشن کمیشن کے معلنہ نتائج کے مطابق کانگریس نے 137نشستوں پر جیت درج کرائی ہے،جبکہ بی جے پی 65 سیٹوں پر سمٹ گئی ہے۔۔ جے ڈی ایس نے صرف 19 سیٹوں پر کامیابی درج کرائی ہے۔
ادھرراہل گاندھی نے کہا، ‘ہم غریبوں کے مسئلہ پر لڑے تھے۔ ہم نے یہ جنگ محبت سے لڑی۔ کرناٹک کے لوگوں نے ہمیں دکھایا کہ یہ ملک محبت کو پسند کرتا ہے۔ کرناٹک میں نفرت کا بازار بند ہو گیا ہے۔ محبت کی دکانیں کھلی ہیں۔ یہ سب کی جیت ہے۔ یہ کرناٹک کے عوام کی جیت ہے۔
دریں اثنا وزیر اعظم نریندر مودی نے کرناٹک اسمبلی انتخابات میں جیت پر کانگریس کو مبارکباد دی ہے۔
ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا، "کرناٹک اسمبلی انتخابات میں کانگریس پارٹی کو ان کی جیت پر مبارکباد۔ عوام کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے میری ان کے لیے نیک تمنائیں”۔
انہوں نے کرناٹک اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی حمایت کرنے والے لوگوں کا بھی شکریہ ادا کیا ہے۔ مودی نے کہا، "میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے کارکنوں کی محنت کی تعریف کرتا ہوں۔ ہم آنے والے وقتوں میں مزید جوش و جذبے کے ساتھ کرناٹک کی خدمت کریں گے۔”