نئی دہلی(ہندوستان ایکسپریس ویب ڈیسک)دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر چودھری انل کمار نے آج دہلی میونسپل کارپوریشن انتخاب کے پیش نظر کانگریس کا تھیم سانگ ریلیز کیا اور ہر وارڈ کے لیے آٹو رکشہ کو فلیگ آف کر کے روانہ کیا۔ اس موقع پر ریاستی کانگریس صدر کے علاوہ دہلی میونسپل کارپوریشن انتخابی مہم کمیٹی کے چیئرمین سبھاش چوپڑا، کوآرڈنیشن کمیٹی کے چیئرمین دیویندر یادو، میڈیا کمیٹی کے چیئرمین انل بھاردواج، تشہیر کمیٹی کے سربراہ ہری شنکر گپتا وغیرہ موجود تھے۔ قومی آواز ڈاٹ کام کی اطلاع کے مطابق کانگریس کے تھیم سانگ کو ریلیز کرتے ہوئے چودھری انل کمار نے کہا کہ ’’کانگریس کے تھیم سانگ میں ہم نے کانگریس کے 15 سال کی تاریخ، یعنی شیلا دیکشت جی کی چمچماتی ہوئی دہلی کو دکھایا ہے، جو کانگریس حکومت کے تعاون سے ہی ممکن ہوا تھا۔ اس میں دوڑتی میٹرو، بڑھتی سڑکیں، بہتر آب و ہوا اور صاف صفائی کے انتظام سے ہر دہلی کا باشندہ خوشحال اور ترقی میں برابر کا شریک دکھائی دے رہا ہے۔‘‘ انھوں نے کہا کہ گانے کے ذریعہ سے ایک اعتماد کے ساتھ دہلی کی عوام کو سمجھانے کی کوشش کی گئی ہے کہ شیلا جی کی دہلی کتنی اچھی تھی، اور ایک بار پھر کانگریس اسی طرح عوام کے لیے بہتر کام کرے گی۔
چودھری انل کمار کا کہنا ہے کہ کانگریس کے تھیم سانگ میں موجودہ عآپ حکومت کی آلودہ اور گندی دہلی اور بی جے پی نے 15 سالوں میں ایم سی ڈی میں جو بدعنوانی پھیلائی ہے، اس کا تذکرہ کیا گیا ہے۔ بی جے پی اور عآپ نے دہلی کی آب و ہوا کو بگاڑ کر رکھ دیا ہے، گندگی اور کوڑے کے ڈھیر سے دہلی کو پاٹ دیا ہے۔ انھوں نے دہلی کی ہوا پانی کے ساتھ راجدھانی کی سیاست کو بھی آلودہ کر دیا ہے۔