رائے بریلی:09مئی(یواین آئی) بی جے پیر مذہب اور ذات کے نام پر رائے دہندگان کو گمراہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے کہا کہ ان کی پارٹی بغیر ڈرے یا جھکے عوام کو ان کے حقوق کے تئیں بیدار کرنے اور انہیں خود کفیل بنانے تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔بھائی اور پارٹی امیدوار راہل گاندھی کی حمایت میں انتخابی مہم کو رفتار دیتے ہوئے پرینکا نے آج رائے بریلی کے صدر اسمبلی حلقے میں عوامی رابطہ مہم کے تحت منشی گنج، کلسہا، راجا پور، بیلا کھارا، بیلا ٹکئی، اترپارا ، بھاؤں، لودھاری، بھدوکھر، بھرت گنج، سکرا، سندی ناگن،اماوا، سدھونا، ترپولا میں نکڑ سبھاؤں سے خطاب کیا۔انہوں نے سوالیہ لہجے میں کہا’کیا کبھی بی جے پی کا کوئی لیڈر آپ سے پوچھتا ہے کہ ہم نے فلاں فلاں کام کیا ہے، اس لیے آپ ہمیں ووٹ دیں۔ وہ لوگ جب بھی آپ سے بات کریں گے، وہ آپ کی توجہ ہٹانے کی کوشش کریں گے اور آپ سے مذہب کی بات کریں گے۔وزیر اعظم کہتے ہیں کہ اگر کانگریس آئی تو وہ آپ کی جائیداد چرالے گی، آپ کی بھینسیں چرالے گی، آپ کا گھر چوری کرے گی۔ کیا کانگریس نے گزشتہ 55 سال کی حکومت میں کبھی ایسا کیا؟ ایسا نہیں کیا، پھر بھی بی جے پی لیڈر ہمیشہ ایسے جھوٹ بولتے رہتے ہیں۔ ان کے پاس اپنا کوئی کام نہیں ہے جن کو بتا کر وہ اپنے کام پر آپ سے ووٹ مانگ سکیں۔
پرینکا نے کہابی جے پی لیڈروں نے ہمیشہ ہمارے خاندان کو بدنام کیا اور جھوٹے الزامات لگائے۔ پنڈت جواہر لعل نہرو سے لے کر میرے شہید والد راجیو گاندھی تک پر جھوٹے الزامات لگائے گئے۔ ہمیں ورثے میں نہیں نہیں بلکہ ملک پر مر مٹنے کا جذبہ ملا ہے۔اگر تم ہم میں سے ایک کو مارو گے تو دوسرا کھڑا ہو جائے گا،تیسرے کو مارو گے چوتھا کھڑا ہو جائے گا، نہ ہم جھکنے والے ہیں، نہ ہم ڈرنے والے ہیں۔ جب تک ہم میں سانس ہے دم ہے تب تک ہم لڑتے رہیں گے۔ہم آپ کو خود انحصار بنانے کے لیے لڑتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اپنے پیدل سفر کے دوران راہل گاندھی نے لوگوں کے مسائل کو قریب سے جانا اور واپس آنے کے بعد پارٹی کے سینئر لیڈروں سے بات چیت کے بعد انہوں نے کہا کہ ہمارے منشور میں صرف وہی وعدے ہونے چاہئیں جنہیں ہم پورا کر سکیں۔پرینکا نے کہا کہ نیائے پتر غریبوں کی امیدوں کا نیائے پتر ہے۔ ہم نے اس میں انہیں گارنٹیوں کو شامل کیا ہے جسے ہم دیگر ریاستوں میں اپنی حکومت کے ذریعہ نافذ کرا پائے تھے۔
رائے بریلی کے ساتھ گاندھی خاندان کے جذباتی رشتے کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریس کا یہ رشتہ جو 1921 میں رائے بریلی کے لوگوں سے شروع ہوا تھا آج تک جاری ہے۔ اس مٹی نے اس ملک کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لعل نہرو، اندرا گاندھی، راجیو گاندھی، سونیا گاندھی اور اب راہول جی کو خدمت کرنے کا موقع دیا ہے۔اس کے لئے کانگریس پارٹی اس مٹی کی ہمیشہ مقروض رہے گی۔انہوں نے کہا کہ رائے بریلی ہمارا خاندان ہے، ہم نے یہاں ایمس، ریل کوچ فیکٹری، ریل وہیل فیکٹری، این ٹی پی سی، این آئی ایف ٹی، کیندریہ ودیالیہ وغیرہ جیسے کام کیے جس سے رائے بریلی کی شہرت میں اضافہ ہوا۔