حیدرآباد : رئیل اسٹیٹ تاجر کی قتل کی سازش کو بے نقاب کرتے ہوئے کمشنر ٹاسک فورس نے 4 افراد بشمول ایک ریٹائرڈ پولیس انسپکٹر کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے غیر قانونی ہتھیار برآمد کرلیے ۔ پولیس کمشنر حیدرآباد سی وی آنند نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس سازش کا سرغنہ 62 سالہ داسری بھومیا ہے جو ریٹائرڈ پولیس انسپکٹر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 2018 میں بھومیا کو اینٹی کرپشن بیورو نے غیر محسوب اثاثہ جات کیس میں گرفتار کر کے جیل بھیج دیا تھا اور بھومیا کو یہ شبہ تھا کہ اس میں ایک پرانا مخبر ہے اور رئیل اسٹیٹ تاجر وجئے پال ریڈی نے ہی اے سی بی کو اس کے اثاثہ جات کے خلاف اطلاع دی جس پر اسے جیل جانا پڑا ۔ جیل سے رہائی کے بعد بھومیا نے اپنے ایک ساتھی ایم چندریا سے ملاقات کی اور وجئے پال ریڈی کی اس حرکت کے خلاف اسے سبق سکھاتے ہوئے قتل کا منصوبہ تیار کیا ۔ چندریا نے اس سلسلے میں سپاری گینگ کو کرایہ پر حاصل کرنے کا مشورہ دیا جس پر سابق نکسلائٹس جی رویاگولا عرف شنکر اور گڈم کمار سے رابطہ قائم کیا ۔ شنکر اور کمار نے دس سال قبل اشوک نامی روڈی شیٹر کا ایلندو علاقے میں قتل کیا تھا ۔ چندریا ، شنکر اور کمار نے بھومیا سے 20 لاکھ روپئے میں رئیل اسٹیٹ تاجر وجئے پال ریڈی کا قتل کرنے کا معاہدہ کیا اور بھومیا نے 5 لاکھ روپئے کی پیشگی رقم بھی ادا کی تھی ۔ گڈم کمار نے بہار سے ایک دیسی ساختہ بندوق حاصل کی اور مذکورہ ٹولی نے وجئے پال ریڈی کے مکان واقع ایل بی نگر کا معائنہ کیا اور اس کی گاڑی کا نمبر اور دیگر تفصیلات بھی حاصل کئے ۔ مذکورہ ملزمین نے آپس میں واٹس ایپ کے ذریعہ وجئے پال ریڈی کے تفصیلات بھیجے اور سکندرآباد کی سری لکشمی لاج میں کرایہ پر کمرہ حاصل کرنے کے بعد قتل کا اصل منصوبہ تیار کررہے تھے کہ اس بات کی اطلاع ملنے پر ٹاسک فورس نارتھ زون ٹیم نے وہاں دھاوا کرتے ہوئے قتل کی سازش کو بے نقاب کردیا اور بعد ازاں نقد رقم ، ہتھیار اور 6 موبائل فون برآمد کرلیے ۔ پولیس کمشنر سی وی آنند نے کہا کہ اس وقت کے پولیس انسپکٹر داسری بھومیا جو انسداد موویسٹ سرگرمیوں میں سرگرم حصہ لیا کرتا تھا وجئے پال ریڈی اس کے لیے مخبر کی حیثیت سے کام کیا کرتا تھا اور نکسلائٹوں کے بارے میں اہم تفصیلات فراہم کرنے پر وجئے پال ریڈی کو پولیس کانسٹبل کی ملازمت بھی دی گئی تھی لیکن اس نے کچھ سال بعد استعفیٰ دے کر رئیل اسٹیٹ کاروبار میں آگیا تھا ۔ پولیس نے گرفتار ملزمین کے قبضہ سے ہتھیار اور دیگر اشیاء برآمد کرلیے ۔۔ ب