حیدرآباد۔ سی پی آئی قائدین کے ایک وفد نے سری نگر میں نیشنل کانفرنس کے صدر اور رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر فاروق عبداللہ سے ان کی قیامگاہ پر ملاقات کی ۔ قومی سکریٹری سی پی آئی اور سابق رکن راجیہ سبھا سید عزیز پاشاہ ، جنرل سکریٹری نیشنل فیڈریشن آف انڈیا اے راجہ ، اسٹیٹ سکریٹری سی پی آئی جموں و کشمیر غلام محمد شیخ مرزا اور نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر محمد شفیع یوری اور ترجمان تنویر صادق نے ڈاکٹر فاروق عبداللہ سے کشمیر کی صورتحال پر بات چیت کی۔ جموں و کشمیر میں جمہوریت کی بحالی اور عوام کو درپیش مختلف مسائل پر تبادلہ خیال رہا۔ قائدین کا احساس تھا کہ علاقہ میں صورتحال تشویشناک ہے اور جمہوریت کی بحالی کے ذریعہ عوام کے بنیادی حقوق کا تحفظ کیا جاسکتا ہے۔ قائدین نے کہا کہ کشمیر کی عوام بالخصوص نوجوانوں میں اعتماد کی بحالی کے اقدامات کئے جائیں۔ سید عزیز پاشاہ نے کہا کہ مرکزی حکومت کو جموں و کشمیر میں فوری انتخابات کا فیصلہ کرتے ہوئے عوامی نمائندوں کے انتخاب کی راہ ہموار کرنی چاہئے۔ر