آل انڈیا کانگریس کمیٹی میڈیا ڈپارٹمنٹ کے چیئرمین کے یوم پیدائش پر طارق صدیقی کا پارٹی اعلیٰ کمان سے مطالبہ
نئی دہلی:آل انڈیا کانگریس کمیٹی میڈیا ڈپارٹمنٹ کے چیئرمین پون کھیڑا کا۵۴ واں یوم پیدائش ان کے دفتر میں بڑے جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ان کی رہائش گاہ پر صبح سے ہی مبارک دینے والوں کا تانتا لگا رہا اوردہلی کے سابق ارکان اسمبلی سندیپ دکشت،چودھری انل کمار،رمام کانت گوشوامی،امریش گوتم،طارق صدیقی،مکیش تیواری،چودھری یوگیش،امت رائے،کرن والیہ،کونسلرس،ضلع صدور و عہدیداران اورپارٹی کارکنان نے مبارک باد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ان کے علاوہ پرویز خان،عبدالرزاق،نسیم اختر انصاری،حاجی ناظر انصاری اورسلیم انصاری وغیرہ نے گلپوشی کی۔کانگریس کے سینئر لیڈر اور دہلی سرکار کے سابق چیئر مین طارق صدیقی نے کیک کٹوایا،شال اور گلپوشی کرکے ان کا استقبال کیا اور کہا کہ آج اتنی تعداد میں لوگوں کا آنا یہ اس بات کا غماز ہے کہ شیلادکشت کے دور اقتدار میں عوام و خواص کی انہوں نے کیسی مدد کی ہے۔کانگریس کی خدمات کی وجہ سے ہی ان کی مقبولیت آج بھی برقرار ہے کیوں کہ وہ بے باک اور نڈر لیڈر ہیں جو کھل کر عوامی کی آواز کونہ صر ف اٹھاتے ہیں بلکہ حل کرانے کی کوشش بھی کرتے ہیں یہی سبب ہے کہ ان کی شخصیت کا لوہا عوام وخواص یکساں طور پر مان رہے ہیں اور کانگریس اعلیٰ کمان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ان کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے آئندہ ۲۰۲۴ کے جنرل پارلیمانی انتخابات میں دہلی سے پارلیمنٹ کا امیدوار بنایا جائے تاکہ وہ مزید عوام کی خدمت کرسکیں ۔انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں بھی جس انداز میں کانگریس کی مضبوط نمائندگی کررہے ہیں یہ انہیں کا مقام ہے ہمیں یقین ہے کہ اس کا صلہ مستقبل میں اور ملے گا۔