نئی دہلی:وزیراعظم نریندرمودی کے ذریعہ پارلیمنٹ کی نئی عمارت کے افتتاح کے پروگرام کے درمیان جنتر منتر پرکئی ہفتوں سے احتجاج کر رہی خواتین کھلاڑیوں نے کہا ہے کہ جمہوریت کا کھلے عام قتل کیا جا رہا ہے۔ آپ کو بتادیں کہ ان خواتین پہلوانوں نے پارلیمنٹ کی نئی عمارت کے سامنے ‘مہیلا سمان مہاپنچایت’ منعقد کرنے کی اپیل بھی کی ہے۔ ریسلنگ کھلاڑی ونیش پھوگاٹ نے اس موقع پر کہا کہ ایک طرف جنتر منتر پر جمہوریت کا کھلے عام قتل کیا جا رہا ہے، وزیر اعظم نے جمہوریت کی نئی عمارت کا افتتاح کیا ہے، دوسری طرف ہمارے لوگوں کی گرفتاریاں ہورہی ہیں۔انہوں نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر ایک ویڈیو پیغام بھی جاری کیا ہے۔
اس ویڈیو پیغام میں ونیش پھوگاٹ کہتی ہیں، "سب کو ہیلو۔ جیسا کہ آپ سب جانتے ہیں کہ آج ہمارے پاس نئی پارلیمنٹ کے سامنے مہیلا سمان پنچایت کی تقریب منعقد کرنے کا پروگرام ہے۔ تمام کسانوں کی تنظیمیں، خواتین کی تنظیمیں، طلبہ تنظیمیں، سبھی شامل ہیں۔ ہماری کھاپ پنچایت کے بزرگوں کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔”
انہوں نے آگے کہا "ملک اس حقیقت کو یاد رکھے گا، جب نئی پارلیمنٹ بن رہی تھی، آئین سازی کی بات ہو رہی تھی، اس وقت ملک کی بچیوں کی انصاف کی لڑائی کو دبانے کی بھرپور کوشش کی گئی، آئین کوقتل کیا گیا۔” ایک ہی ملک میں دوچیزیں بیک وقت ہو رہی تھیں، اور یہ چیز ملک کی تاریخ میں لکھی جائے گی۔”