علی گڑھ(پریس ریلیز): علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ زولوجی میں’ انوائرمینٹل میوٹاجن سوسائٹی آف انڈیا‘ (ای ایم ایس آئی) کی 45ویں سالانہ میٹنگ اور تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس بعنوان ’’انوائرمینٹل میوٹاجینیسس اینڈ ٹوکسیکوجینومکس: انسانی صحت کے نقطہ ہائے نظر‘‘ 28 جنوری کو شروع ہوئی۔ کانفرنس میں یوجی اور پی جی کے طلباء کے لئے ایک ورکشاپ بھی ہورہی ہے ۔اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے افتتاحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اے ایم یو میں کانفرنس کے انعقاد کے لئے ’انوائرمینٹل میوٹاجن سوسائٹی آف انڈیا‘ کا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے ماحولیاتی آلودگی اور ملاوٹی غذائی اشیاء کے انسانی صحت پر اثرات کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ میوٹاجینیسس کو کم کرنے کا واحد طریقہ آلودگی کی سطح کو کنٹرول کرنا ہے۔ انہوں نے بہتر علاج اور ادویات کی تیاری اور انسانی صحت کو بہتر بنانے کے لیے میوٹاجینیسس میں تحقیق کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
پروفیسر کے بی سینیس، صدر ، ای ایم ایس آئی نے کہا کہ وہ پہلی بار اے ایم یو کا دورہ کرکے بہت خوش ہیں ۔ انہوں نے شعبہ زولوجی میں ای ایم ایس آئی -2023 کے انعقاد میں منتظمین کی کوششوں کی ستائش کی۔ انہوں نے ادویات کی ترقی کے لیے میوٹیشن ریسرچ کی اہمیت پر بھی زور دیا۔مہمان خصوصی پروفیسر ہیلگا اسٹوپر (یونیورسٹی ورزبرگ، جرمنی)نے کہا کہ اس کانفرنس میں میوٹاجینیسس سے متعلق بہت سے ابھرتے ہوئے موضوعات کا احاطہ کیا جارہا ہے۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ یہ کانفرنس ہر ایک کو اپنی علمی تحقیق کے بارے میں گفتگو کرنے کا بہترین موقع فراہم کرے گی۔مہمان اعزازی پروفیسر سیگفرائیڈ کناسمولر (آسٹریا) نے کہا کہ وہ اعلیٰ معیار کی کانفرنسوں کے لیے کثرت سے ہندوستان کا دورہ کرنے کے ساتھ ساتھ ہندوستان میں ثقافتی ورثے کے مقامات کا دورہ کرنے کا شوق رکھتے ہیں۔
پروفیسر برج لکشمی داس، سکریٹری ، ای ایم ایس آئی -2023 نے بھی پہلی بار اے ایم یو آمد پر خوشی کا اظہار کیا ۔ انہوں نے ای ایم ایس آئی کی تاریخ اور اہمیت کے بارے میں گفتگو کی۔اس سے قبل پروفیسر محمد افضل (ڈین، فیکلٹی آف لائف سائنسز) نے شعبہ زولوجی کے اساتذہ اور شعبہ کے سابق طلباء کی اعلیٰ تعلیمی حصولیابیوں کا ذکر کیا اور کانفرنس کے موضوع کو اہم قرار دیتے ہوئے تمام مندوبین کو خوش آمدید کہا ۔ صدر شعبہ پروفیسر مختار اے خاں نے مہمانوں اور حاضرین کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ یہ کانفرنس سائنس دانوں اور محققین کو ماحولیاتی صحت کے اثرات کو سمجھنے اور ادویات کو بہتر بنانے کے لیے ایک فریم ورک فراہم کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ کانفرنس میں دیے جانے والے اورل اور پوسٹر پریزنٹیشن ایوارڈز کو ’میوٹیشن ریسرچ‘ (ایلزیویئر) نے اسپانسر کیا ہے، جس نے اس مقصد کے لیے 750 امریکی ڈالر کی رقم مختص کی ہے۔آرگنائزنگ سکریٹری ڈاکٹر یاسر ایچ صدیق نے شکریہ کے کلمات ادا کئے۔اس موقع پر سالانہ میٹنگ کی ایبسٹریکٹ بُک اور کانفرنس روئیداد کا بھی اجراء عمل میں آیا۔