نئی دہلی(ہندوستان ایکسپریس نیوز بیورو)نائب صدر جمہوریہ جناب جگدیپ دھنکر نے آج اس بات پر روشنی ڈالی کہ مضبوط، منصفانہ اور آزادانہ نظام انصاف ہی جمہوری اقدار کے پھلنے پھولنے کی سب سے محفوظ ضمانت ہے۔سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے آج نئی دہلی میں اپنے اعزاز میں منعقد ایک تقریب کے دوران وہاں موجود مجمع سے خطاب کرتے ہوئے، نائب صدر جمہوریہ نے سنسکرت کے ایک مشہور کلام ’دھرمو رکشتی رکشیتہ‘ (اگر ہم قانون کے تقدس کو برقرار رکھیں تو وہ ہماری حفاظت کرتا ہے) کا حوالہ دیا اور کہا کہ یہ جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کا ’امرت‘ ہے۔ اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ وسیع پیمانے پر یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ یہ صحت مند اصول عصر حاضر میں دباؤ کا شکار ہے، انہوں نے با اختیار اور اعلیٰ عہدوں پر فائز لوگوں سے کہا کہ وہ وسیع تر عوامی مفاد میں قانون کو ہر چیز سے بالاتر رکھیں اور جمہوری ایکو سسٹم کو مضبوط اور بہتر بنائیں۔ تھامس فلر کا حوالہ دیتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ ’’آپ چاہے جتنی بلندی حاصل کر لیں، قانون ہمیشہ آپ سے اوپر رہتا ہے۔‘‘
اس موقع پر، جناب دھنکر نے زور دے کر کہا کہ ججوں کا وقار اور عدلیہ کا احترام ناقابل تسخیر ہے کیوں کہ یہ قانون کی حکمرانی اور آئین پرستی کے بنیادی اصول ہیں۔ انہوں نے ملک میں آئینی اداروں کے کام میں ہم آہنگی اور اتحاد کے جذبے پر بھی زور دیا۔سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے، جناب دھنکر نے کہاکہ اس موقع پر وہ ایسا محسوس کر رہے ہیں جیسے کہ ان کی عدالت میں پہلی بار داخل ہونے کی یاد تازہ ہو گئی ہو۔ انہوں نے اُن ججوں اور سینئر وکلاء کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کے ابتدائی دنوں میں ان کی رہنمائی و سرپرستی کی۔اس تقریب میں قانون و انصاف کے مرکزی وزیر جناب کرن رجیجو، ہندوستان کے چیف جسٹس جناب این وی رمنا، سپریم کورٹ کے تمام جج، ہندوستان کے سولسٹر جنرل جناب توشار مہتہ، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر اور سینئر ایڈووکیٹ جناب وکاش سنگھ، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے اہلکار اور بار ایسو سی ایشن کے ممبران نے شرکت کی۔