نئی دہلی (یو این آئی) کانگریس کے رہنما راہل گاندھی نے نئے پارلیمنٹ ہاوس پر ایوان کی کارروائی ملتوی ہونے کے بعد ارکان پارلیمنٹ کے ذریعہ نائب صدر جمہوریہ جگدیپ دھنکھڑ کی ممکری کی مسٹر گاندھی کے ذریعہ ویڈیو بنانے پر بدھ کے روز کہا کہ ان کے بنائے ویڈیو کے بجائے ارکان پارلیمنٹ کی معطلی پر بحث ہونی چاہیے مسٹر گاندھی نے ممکری تنازعہ پر بدھ کے روز کہا کہ ممبران پارلیمنٹ پارلیمنٹ ہاوس کے باہر گیٹ پر بیٹھے تھے ، تو انہوں نے ویڈیو بنایا ہے لیکن اس پر بحث ہورہی ہے اور اصل موضوع پر کوئی بحث ہی نہیں کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا، “ممبران پارلیمنٹ وہاں بیٹھے تھے ، میں نے ان کا ویڈیو شوٹ کیا۔ ہمارے 150 ایم پیز کو باہر نکال دیا گیا لیکن اس پر کسی نے کچھ نہیں کہا۔ میڈیا میں اس پر کوئی بحث نہیں ہورہی۔ اڈانی پر کوئی بحث نہیں ہے، رافیل پر کوئی بحث نہیں ہے، بے روزگاری پر کوئی بحث نہیں ہے۔ ہمارے ارکان پارلیمنٹ مایوس ہیں اور باہر بیٹھے ہیں، لیکن صرف ممکری پر بحث ہورہی ہے۔
واضح رہے کہ پارلیمنٹ سے معطلی کے بعد اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر نائب صدرجمہوریہ کی ممکری کر رہے تھے، کہ اس دوران مسٹر گاندھی ایک ویڈیو بنا رہے تھے، جس کی میڈیا میں کافی بحث ہو رہی ہے۔ مسٹر گاندھی کا کہنا ہے کہ ان کی ویڈیو بنانے کے بجائے اہم مسائل پر بات کی جانی چاہئے۔