پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے صدف نعیم کی ہلاکت پراظہار افسوس
اسلام آباد(ایجنسیاں): پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ کے دوران ایک خاتون رپورٹر کنٹینر کے نیچے آکر جاں بحق ہوگئی۔ کامونکی جاتے ہوئے راستے میں عمران خان کے کنٹینر کے نیچے آ کر نجی ٹی وی کی خاتون رپورٹر صدف نعیم جاں بحق ہوئیں۔
حادثے کے بعد عمران خان کا کنٹینر جی ٹی روڈ پر روک دیا گیا، حادثے کے بعد عمران خان خود بھی کنیٹنر سے نیچے اتر آئے۔ ترجمان ریسکیو کا کہنا ہے کہ کامونکی جاتے ہوئے عمران خان کے کنٹینر کے نیچے آکر نیوز چینل کی خاتون رپورٹر جاں بحق ہوئی۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے خاتون رپورٹر کے جاں بحق ہونے کے بعد آج کا اپنا مارچ منسوخ کردیا۔
ادھرپی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کہا کہ بدقسمتی سے ایک حادثہ ہوا ہے، آج ہم نے کامونکی جانا تھا، حادثے کی وجہ سے کینسل کر دیا ہے۔عمران خان نے کہا کہ آج ہم اپنے مارچ کو ختم کر رہے ہیں، ان شاءاللّٰہ کل کامونکی سے اپنا مارچ شروع کریں گے۔پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ حادثے کی وجہ سے ہمیں آج کا مارچ منسوخ کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ خاتون رپورٹر کی فیملی سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہیں۔
Shocked & deeply saddened by the terrible accident that led to the death of Channel 5 reporter Sadaf Naeem during our March today. I have no words to express my sorrow. My prayers & condolences go to the family at this tragic time. We have cancelled our March for today.
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) October 30, 2022
دریں اثناء پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ کے دوران خاتون رپورٹر کےجاں بحق ہونے کے معاملے پر صدف نعیم کے شوہر نے کسی بھی قسم کی کارروائی کروانے سے انکار کردیا۔
صدف نعیم کے شوہر محمد نعیم نے اپنی اہلیہ کی موت کو حادثہ قرار دے دیا۔مرحومہ صدف نعیم کے شوہر نے کوئی بھی کارروائی کروانے سے تحریری طور پر انکار کردیا۔ محمد نعیم نے اپنے تحریری بیان میں کہا کہ میری اہلیہ لانگ مارچ میں ڈیوٹی کے دوران ڈیوائیڈر پر کھڑی تھی، ڈیوائیڈر سے گرنے کے باعث میری اہلیہ کنٹینر کے نیچے آکر جاں بحق ہوگئی۔ صدف کے شوہر نے کہا کہ یہ ایک حادثہ ہے میں کسی قسم کی کارروائی نہیں کروانا چاہتا۔صدف نعیم کے شوہر کے تحریری بیان پر پولیس نے میت ورثا کے حوالے کردی، صدف نعیم کی نماز جنازہ آج رات ایک بجے اچھرہ میں ادا کی جائے گی۔