نئی دہلی(نمائندہ):قرولباغ میں واقع نیو روہتک روڈ پرعام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈرحاجی محمد شکیل احمد کی رہائش گاہ پرعید ملن پروگرام کا انعقاد کیا گیا ۔ ہندو -مسلم اتحاد اور بھائی چارہ کے فروغ کیلئے منعقدتقریب میںمہمان خصوصی کے طورپرشر کت کرتے ہوئے قرولباغ کے ایم ایل اے وشیش روی نے عیدالفطر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھائی چارے اور محبت کاتہوارہے،موجودہ وقت میں تمام ملکی باشندوں کویکجہتی، خیر سگالی اور خوشحالی پر توجہ دینی چاہئے۔وشیش روی نے مزید کہاکہ آج کے حالات کیلئے ضروری ہے کہ ملک میں دلوں کا ملن ہو کیو نکہ تبھی ملک کی ترقی امن و امان سے ہی ممکن ہے۔ وشیش روی نے یہ بھی کہاکہ ہمارے ملک کو یہ فخر حاصل ہے کہ پوری دنیا میںہندوستان واحد ایسا ملک ہے جہاں مختلف مذاہب کے ماننے والے برسوں سے ایک ساتھ امن وشانتی اور پیار ومحبت کے ساتھ رہتے آئے ہیں اورتمام دھرموں کے لوگ ایک دوسرے کے تیج تہوارساتھ مناتے ہیں نیز اسی میل جول کو گنگا جمنی تہذیب کہا جاتا ہے،تاحال ضروری ہے کہ گنگا جمنی تہذیب وبھائی چارگی کو باقی رکھا جائے۔
قبل ازیںتقریب کے کنوینر حاجی شکیل احمد نے استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے مہمانوں کا تعارف کیا۔شکیل بھائی نے عید سعید کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنی گفتگو میں کہاکہ عید کا تہوار آپس میں ایکتا اور بھائی چارے اورمحبت کاتہوارہے،نیزنفرت کو ختم کر نے کا پیغام دیتا ہے۔شیدی پورہ کی کونسلرارملا گوتم اورامرناتھ راجپوت (کو نسلر)نے بھی عید کی مبارکبادپیش کی اور نیک خواہشات کااظہار کیا۔کا نگریس پارٹی کے سینئر لیڈرحاجی محمد سعید خان نے اپنی تقریر میں کہاکہ سیاسی اور سنگین ماحول میں ایسے پروگرام کی اشد ضرورت ہے،جہاں پر سبھی مذاہب کے لوگ تمام گلے شکوے بھلاکرایک چھت کے نیچے جمع ہو سکیں۔سعید خان کایہ بھی کہنا تھا کہ عید کا تہوار خدا کی طرف سے بندوں کیلئے ایک انعام ہو تا ہے بندوں کو چاہئے کہ اس خوشی میں دوسرے مذاہب کو بھی شریک کرکے اس خوشی کودُگنی کریںساتھ ہی مسلمانوں کو اس طرف توجہ دینی ہے کہ فرائض کی ادائیگی کے سلسلہ میں کسی بھی طرح کو تا ہی نہ کی جائے۔حاجی محمد شاہد جمال (عرف گڈو بھائی)نے کہاکہ ہمارا ملک امن وشانتی اور بھائی چارگی کامزاج رکھتا ہے اور ہم ایک دوسرے سے علیحدہ بھی نہیں رہ سکتے ہیں،کیو نکہ سبھی مذاہب کے ماننے والے ایک دوسرے کے ساتھ ہزاروں سالوں سے پیار ومحبت کے ساتھ رہتے ہیں،یہی ہماری تہذیب و ثقافت ہے اورہندوستان کا خوبصورت کلچرہے۔اس دوران ابو طلحہ ، محمدنور عالم ،محمد عرفان ،سہیل بھائی، باسط اقبال،مہتاب بھائی ،مقصود گڈو جی سمیت بڑی تعداد میں لوگ موجودتھے ۔