نئی دہلی (یو این آئی) آل انڈیا کانگریس کمیٹی (اقلیتی شعبہ) نے مشہور سماجی و سرگرم سیاسی کارکن اور کانگریس کے لیڈر انجینئر محمد اسلم علیگ کو آسام پردیش کانگریس کمیٹی شعبہ اقلیت کا انچارج مقرر کیا ہے یہ اطلاع کانگریس کے اقلیتی شعبہ کے جاری کردہ تقرری نامہ میں دی گئی ہے آل انڈیا کانگریس کمیٹی شعبہ اقلیت کے صدر اور رکن پارلیمنٹ راجیہ سبھا عمران پرتاپ گڑھی کے دستخط سے جاری کردہ تقرری نامے میں کہا گیا ہے کہ مسٹرانجینئر اسلم علیگ کو آسام پردیش کانگریس کمیٹی شعبہ اقلیت کا انچارج مقرر کیا گیا ہے۔اس میں امید ظاہر کی گئی ہے کہ مسٹر اسلم کانگریس پارٹی کو اونچائی تک لے جانے اور مضبوط بنانے میں کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اور موجود ہ کانگریس کے صدر ملک ارجن کھڑگے کے ہاتھ کو مضبوط کریں گے۔
واضح رہے کہ انجینئر محمد اسلم علیگ کانگریس کے سرگرم رکن رہے ہیں اور بہار کے علاوہ وہ دیگر ریاستوں میں کانگریس کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کرہے ہیں۔ وہ کانگریس کے تمام ریلیوں، مظاہروں، احتجاجوں اور پروگرام میں حصہ لیتے ہیں۔ کانگریس کے تئیں ان کی لگن اور محنت قابل دید ہے۔ ان کی تقرری سے جہاں آسام کانگریس کے اقلیتی شعبے کو مضبوطی ملے گی اور اس کا دائرہ وسیع ہوگا وہیں وہ اقلیتوں کے حقوق کو بہت مؤثر اور مدلل طریقے سے اٹھائیں گے۔
مسٹر اسلم نے علیگ اے ایم یو کشن گنج شاخ کے لئے بہت جدوجہد کی ہے اور کشن گنج شاخ کے قیام میں ان کا رول ناقابل فراموش ہے۔ اس کے ساتھ ہی وہ اے ایم یو کشن گنج شاخ کی فنڈ کے جاری کرنے میں بہت کوشش کی ہے اور کئی وزیروں اور رہنماؤں سے ملاقات کی ہے۔ یہ بھی امید ظاہر کی جارہی ہے کہ اے ایم یو کشن گنج شاخ کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے میں بھی وہ اپنا کردار ادا کریں گے۔