حیدرآباد (ہندوستان ایکسپریس ویب ڈیسک) گجرات کے سابق وزیراعلیٰ اور سابق مرکزی وزیر شنکر سنگھ واگھیلا نے آج پرگتی بھون پہنچ کر وزیر اعلیٰ تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کی۔سیاست نیوز کی اطلاع کے مطابق دونوں قائدین نے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور قومی سطح پر عوام کو درپیش مسائل پر بات چیت کی۔ اس موقع پر سابق اسپیکر اور رکن کونسل وینوگوپال چاری ، رکن اسمبلی بی سمن اور دوسرے موجود تھے۔ پرگتی بھون پہنچنے پر چیف منسٹر نے شنکر سنگھ واگھیلاکا خیرمقدم کیا اور انہیں تہنیت پیش کی۔ واگھیلا نے چیف منسٹر کے سی آر کی شال پوشی کرتے ہوئے قومی سطح پر سیاسی پارٹی کے قیام کے فیصلہ پر مبارکباد دی ۔ باوجود ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے ملک میں بی جے پی کے خلاف تیسرے محاذ کی تیاری کو ناگزیر قرار دیا اور اس سلسلہ میں شنکر سنگھ واگھیلا سے تعاون کی خواہش کی۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ بہت جلد وہ قومی سیاسی پارٹی کا اعلان کریں گے، جس کے بعد مختلف ریاستوں میں یونٹس کا قیام عمل میں آئے گی۔ ذرائع نے بتایا کہ شنکر سنگھ واگھیلا نے کے سی آر کو گجرات کی تازہ ترین سیاسی صورتحال سے واقف کرایا اور کہا کہ گجرات کے عوام بی جے پی سے مایوس ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کے سی آر کی قومی سطح پر سیاست میں اہم رول ادا کرنے کے فیصلہ کی تائید کی۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ وہ مختلف ریاستوں کے چیف منسٹرس اور علاقائی جماعتوں کے قائدین سے ربط میں ہیں۔