علی گڑھ(ہندوستان ایکسپریس نیوز بیورو): ہندوستان میں فرانس کے سفیر عزت مآب اِمّانویل لینین اور ان کی ٹیم نے آج علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کا دورہ کیا۔فرانسیسی سفیر اور ان کی ٹیم کے ارکان کا استقبال اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے اپنے دفتر میں کیا۔دفتر رابطہ عامہ، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی ریلیز کے مطابق وائس چانسلر اور فرانسیسی سفیر نے فرانسیسی یونیورسٹیوں اور اے ایم یو کے درمیان تعاون و اشتراک کو فروغ دینے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ وائس چانسلر نے کہا کہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی انٹرڈسپلنری تعلیم کے ساتھ بلند معیار کی حامل یونیورسٹی ہے اور علمی تبادلہ پروگراموں کے ذریعے تحقیق کی حوصلہ افزائی کرنے اور طلباء کے فائدے کے لیے تعلیمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے دنیا بھر کی ممتاز یونیورسٹیوں کے ساتھ ہاتھ ملانے کی خواہاں ہے۔اے ایم یو فرانس سمیت دیگر یونیورسٹیوں کے ساتھ تعاون کے تمام امکانات کا جائزہ لے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری یونیورسٹی دوسرے ممالک کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ فرانسیسی وفد نے اے ایم یو میں طلبا کے درمیان فرانسیسی زبان کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا اور تعلیمی مقاصد کے لیے حکومت فرانس کے ساتھ ایک ترقیاتی اورعلمی تبادلے کے پروگرام کو آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور اس بات پر بھی زور دیا کہ اس سلسلے میں ایک یادداشت مفاہمت (ایم او یو) تیار کی جائے اور اس پر دستخط کیے جائیں۔اے ایم یو کے پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد گلریز، رجسٹرار مسٹر محمد عمران (آئی پی ایس)، ڈی ایس ڈبلیو پروفیسر عبدالعلیم، پراکٹر پروفیسر وسیم علی، انٹرنیشنل اسٹڈیز فیکلٹی کے ڈین پروفیسر جاوید اقبال اور مسٹر ساون کمار سنگھ، اسسٹنٹ پروفیسر، فرانسیسی لینگویج سیکشن، ڈپارٹمنٹ آف فارن لینگویجز، اے ایم یو اس موقع پر بطور خاص موجود رہے۔
فرانسیسی سفیر کے ہمراہ محترمہ امل بن ہاگوگ، پولیٹیکل کونسلر، ڈاکٹر فیبین چاریکس، سائنس اور ہائر ایجوکیشن اتاشی، محترمہ لیہ پال، پروجیکٹ منیجر اور جناب جتندر سنگھ، نائب اتاشی برائے تعلیمی تعاون نے غیر ملکی زبانوں کے شعبہ کا دورہ کیا۔ انہوں نے طلباء سے گفتگو کی اور فرانس میں تعلیم حاصل کرنے کے مواقع پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے سماجی، ثقافتی اور تعلیمی تبادلوں کو مضبوط بنانے کے لیے اپنی رائے کا اظہار کیا۔ انہوں نے ہندوستان میں فرانس کے سفارت خانے اور اے ایم یو کے درمیان تعاون و اشتراک پر زور دیا۔پروگرام میں ڈاکٹر مراد احمد خان، اُدے سنگھ کنور، سہیل، یاسر، عبدالرحمن انصاری اور غیرملکی زبانوں کے شعبہ کے دیگر اساتذہ شریک رہے۔ مسٹر ساون کمار سنگھ نے پروگرام کی نظامت کی۔فیکلٹی آف انٹرنیشنل اسٹڈیز کے ڈین پروفیسر جاوید اقبال نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں غیر ملکی زبانوں کے شعبہ کی ترقی کے بارے میں بتایا۔فرانسیسی سفیر مسٹر لینین نے اے ایم یو کے بانی سر سید احمد خاں کو ان کے مقبرے پر جاکر خراج عقیدت پیش کیا اور یونیورسٹی کی مسجد، اسٹریچی ہال اور مولانا آزاد لائبریری کا دورہ کیا۔