لوک سبھا انتخابات سے قبل ایک مرتبہ پھر سیاست میں واپس آگئے
ممبئی: اداکارہ گووندا لوک سبھا انتخابات سے قبل ایک مرتبہ پھر سیاست میں واپس آگئے ہیں اور انہوں نے اس مرتبہ مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ کی قیادت والی پارٹی شیو سینا سے وابستگی اختیار کرلی ہے۔ مہاراشٹرا کے وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے نے سیاست میں ان کی آمد کا خیر مقدم کیا۔ سیاست میں آنے جانے اور اس پر بات کرنا گووندا کے لیے کچھ نیا نہیں ہے، وہ اس سے قبل سیاست کے بارے میں بہت کچھ کہہ چکے ہیں۔
ماضی میں گووندا نے انڈین نیشنل کانگریس کے ٹکٹ پر لوک سبھا انتخابات میں حصہ لیا تھا اور 50 ہزار ووٹوں کے ساتھ اپنے حلقے میں کامیابی حاصل کی تھی۔ انہوں نے بطور رکن پارلیمنٹ کام کیا لیکن بعد میں سیاسی زندگی سے عدم دلچسپی کا اظہار کیا۔
ایک انٹرویو کے دوران گووندا کا کہنا تھا کہ ہندوستانی سیاست کچھ نہیں،صرف دھوکا ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ میں پانی کی مانند ہوں، میرا درجہ حرارت ماحول پر منحصر ہے۔ میرے اردگرد کی چیزیں اتنی غیر مستحکم ہو گئی تھیں کہ میں ٹھیک سے کام نہیں کر سکتا تھا۔ گووندا کا کہنا تھا کہ اب سے میں صرف ان دھڑوں کا حصہ بننا چاہتا ہوں جو شائستگی اور محنت پر یقین رکھتے ہیں۔ اس کا اطلاق سنیما اور سیاست دونوں پر ہوتا ہے۔ نامور اداکار نے اُس انٹرویو کے دوران یہ بھی کہا تھا کہ میں نے ناپسندیدہ عناصر سے تمام تعلقات منقطع کر لیے ہیں۔
آپ کو بتادیں کہ اس سے قبل بدھ کو گووندا نے شنڈے کیمپ کے لیڈر اور شیو سینا کے سابق ایم ایل اے کرشنا ہیگڑے سے ملاقات کی تھی، جس کی تصویر بھی سامنے آئی تھی۔
جمعرات کو سی ایم ایکناتھ شندے نے گووندا کو پارٹی کی رکنیت دی، جس کی تصویریں بھی سامنے آئی ہیں۔ پارٹی میں شامل ہونے کے بعد گووندا نے کہا، ‘میں نے سوچا تھا کہ میں دوبارہ سیاست میں نہیں آؤں گا، لیکن اب میں شیوسینا میں شامل ہو رہا ہوں اور میرے لیے یہ بھگوان کی مہربانی ہے۔’ ساتھ ہی، اس دوران اداکار نے سی ایم ایکناتھ شندے کی بھی تعریف کی۔
گووندا کی سیاست میں واپسی پر راجیہ سبھا ایم پی ملند دیورا کا ردعمل بھی سامنے آیا ہے۔ دیورا نے کہا، ‘میں گووندا کو پچھلے 25 سالوں سے جانتا ہوں۔ ہم دونوں نے 2004 میں ایک ساتھ الیکشن بھی لڑا تھا۔ یہ میرے مرحوم والد تھے جو انہیں کانگریس میں لائے تھے’۔