تلنگانہ حج کمیٹی اجلاس میںصدرنشیں نے بتائی تفصیل
حیدرآباد:حج 2023 کیلئے تلنگانہ عازمین حج کے قافلوں کی روانگی کا 7 جون کو آغاز ہوگا۔ حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے تقریباً 5200 عازمین حج کی روانگی کا امکان ہے۔ تلنگانہ حج کمیٹی کا اجلاس صدر نشین جناب محمد سلیم کی صدارت میں آج حج ہاوس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں حج کیمپ کے انتظامات اور عازمین حج کی روانگی اور واپسی کے انتظامات کو قطعیت دی گئی۔ اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے صدرنشین حج کمیٹی جناب محمد سلیم، صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ جناب مسیح اللہ خاں اور ایگزیکیٹو آفیسر جناب بی شفیع اللہ نے بتایا کہ حج کمیٹی آف انڈیا نے عازمین کے قافلوں کی روانگی کا جو شیڈول تیار کیا ہے اس کے مطابق 7 تا 22 جون قافلوں کی روانگی عمل میں آئے گی اور حیدرآباد سے قافلے جدہ روانہ ہوں گے۔ حجاج کرام کے قافلوں کی واپسی کا 13 جولائی کو آغاز ہوگا اور 2 اگست کو آخری قافلہ جدہ پہنچے گا۔
جناب محمد سلیم نے بتایا کہ وستارا ایر لائنس کی خدمات تلنگانہ عازمین کیلئے فراہم کی جارہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 5 ہزار پاسپورٹس حج کمیٹی آف انڈیا کو روانہ کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حج کیمپ کے انتظامات کے سلسلہ میں حکومت اور سرکاری محکمہ جات سے مکمل تعاون حاصل ہے۔ پولیس، فائر سرویس، واٹر ورکس، میڈیکل اینڈ ہیلت، الیکٹریسٹی اور جی ایچ ایم سی کی جانب سے کیمپ میں تعاون کیا جائے گا۔
محمد سلیم نے بتایا کہ نئے قواعد کے مطابق عازمین حج کو سرکاری دواخانوں میں معائنے کے بعد فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ہوگا اور ٹیکہ اندازی کے شیڈول کا عنقریب اعلان کیا جائے گا۔ سپلائینگ کمپنی، فوڈ اور ٹرانسپورٹیشن کیلئے ای ۔ ٹنڈرس طلب کئے گئے ہیں جن کی کشادگی 11 مئی کو 3 بجے سہ پہر عمل میں آئے گی۔ مکمل شفافیت کے ساتھ جو ٹنڈر گذار بہتر سرویس فراہم کریں گے انہیں ٹنڈر الاٹ کیا جائے گا۔ حج کیمپ کا ٹینٹ مکمل طور پر ایر کنڈیشنڈ رہے گا اور ایر کنڈیشنڈ بسوں کے ذریعہ عازمین کی ایر پورٹ روانگی عمل میں آئے گی۔ ایر پورٹ پر عازمین کیلئے علحدہ ٹرمنل فراہم کیا جارہا ہے اور ایمیگریشن اور دیگر ضرور اُمور گذشتہ سال کی طرح ایرپورٹ پر انجام دیئے جائیں گے۔ محمد سلیم نے بتایا کہ 4 گھنٹے قبل عازمین کو حج ہاوز سے ایرپورٹ روانہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حج انتظامات کیلئے بجٹ کی کوئی کمی نہیں ہے اور حکومت کی جانب سے درکار بجٹ جاری کیا جائے گا۔
صدرنشین حج کمیٹی کے مطابق کرناٹک اور مہاراشٹرا کے بعض علاقوں سے تعلق رکھنے والے عازمین حیدرآباد سے روانہ ہوں گے۔ تلنگانہ حج کمیٹی کے عازمین کی تعداد تقریباً 6 ہزار تک ہوسکتی ہے اور حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے 7 تا 8 ہزار عازمین کی روانگی کا امکان ہے۔ 23 مئی کو حج انتظامات کیلئے تمام محکمہ جات کی کوآرڈینیشن میٹنگ حج ہاوز میں طلب کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جاریہ سال سے عازمین حج کو2100 ریال کی فراہمی روک دی گئی ہے جس کے نتیجہ میں عازمین حج کو اخراجات کے طور پر کم رقم جمع کرانی ہوگی۔ عازمین کو اپنے طور پر ریال خریدنا ہوگا۔
محمد سلیم نے بتایا کہ جاریہ سال نظام رباط میں 500 عازمین کے قیام کا ناظر رباط نے تیقن دیا ہے۔ اس تعداد میں اضافہ کی مساعی کی جارہی ہے۔ تلنگانہ سے 15 خادم الحجاج کا انتخاب کیا گیا اور 5 ویٹنگ لسٹ میں رکھے گئے ہیں۔ خادم الحجاج کا انٹرویو لیا جائے گا تاکہ ان کے تجربہ اور صلاحیتوں کا جائزہ لیا جاسکے۔ اجلاس میں حج کمیٹی کے ارکان سید نظام الدین، جعفر خاں، محمد شیخ حمید، سید عرفان الحق، نصیر الدین، میر نادرعلی رضوی، محترمہ عاصمہ سلطانہ اور اسسٹنٹ ایگزیکیٹو آفیسر عرفان شریف نے شرکت کی۔ر