صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی نے بتائی یہ بات،ریاست کے8659 افرادنے مقدس سفر پر جانے کےلئے دی درخواست
حیدرآباد ( ہندوستان ایکسپریس ویب ڈیسک) حج 2023 کیلئے حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے اندرون ایک ہفتہ قرعہ اندازی کا امکان ہے تاکہ ملک بھر سے عازمین حج کا انتخاب کیا جاسکے۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی جناب محمد سلیم نے حج کمیٹی آف انڈیا کے عہدیداروں سے ربط قائم کرتے ہوئے قرعہ اندازی کے بارے میں دریافت کیا۔ انہیں اطلاع دی گئی کہ قرعہ اندازی کی تیاریاں جاری ہیں اور توقع ہے کہ آئندہ ہفتہ کوئی تاریخ طئے کرتے ہوئے ملک بھر کے عازمین حج کا انتخاب کیا جائے گا۔
ذہن نشیں رہے کہ تلنگانہ میں حج 2023 کیلئے جملہ 8659 درخواستیں داخل کی گئی ہیں اور ان کےلئے 3793 کور نمبرس الاٹ کئے گئے۔ آن لائن درخواست کیلئے ایک مہینہ 10 دن کی مہلت کے باوجود تلنگانہ میں درخواستیں توقع کے مطابق نہیں رہیں۔ اسی دوران حج کمیٹی آف انڈیا کے احکامات کے مطابق ریاستوں میں حج ٹرینرس کے انتخاب کا عمل 5 اپریل تک مکمل کرلیا جائے گا۔ تمام اضلاع میں موجود حج سوسائٹیوں کے نمائندوں کو ٹرینرس کے طور پر منتخب کیا جائے گا تاکہ اپنے ضلع کے عازمین کی رہنمائی کرسکیں۔ ٹرینرس کیلئے 15 اپریل کو ورچول ٹریننگ سیشن کا اہتمام کیا جائے گا۔سیاست نیوزکے مطابق صدر نشین حج کمیٹی محمد سلیم نے بتایا کہ حج کیمپ اور ایر پورٹ پر عازمین حج کو بہتر سہولتوں کی فراہمی کی تیاریاں شروع ہوچکی ہیں۔ جی ایم آر حکام نے شمس آباد انٹر نیشنل ایر پورٹ پر عازمین حج کیلئے علحدہ ٹرمینل سے اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرعہ اندازی کی تکمیل کے بعد نہ صرف حیدرآباد بلکہ اضلاع میں منتخب عازمین کیلئے تربیتی کیمپس منعقد کئے جائیں گے۔ واضح رہے کہ جاریہ سال تلنگانہ کے عازمین مکہ مکرمہ میں رباط کی سہولت سے محروم رہیں گے۔ عمارتوں کے انہدام کے سبب ناظر رباط حسین شریف نے جاریہ سال رباط کے انتظامات سے معذوری کا اظہار کیا ہے۔