حیدرآباد : (ہندوستان ایکسپریس ویب ڈیسک) منوگوڑ ضمنی انتخابات سے عین قبل شہر حیدرآباد میں ایک بڑے حوالہ ریکٹ کو ٹاسک فورس پولیس نے بے نقاب کرتے ہوئے ایک کروڑ 27 لاکھ روپئے نقد رقم ضبط کرلئے ۔ سیاست نیوزکی خبر کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ شہر کے علاقہ حمایت نگر کے قریب ٹاسک فورس پولیس کی ٹیم تلاشی مہم میں مصروف تھی کہ موٹر سائیکل پر سوار فنی کمار راجو کو مشتبہ حالت میں گھومنے کے نتیجہ میں اسے حراست میں لے لیا اور اس کے قبضہ سے ایک کروڑ 27 لاکھ نقد رقم ضبط کرلی ۔ تحقیقات کے دوران فنی کمار نے بتایا کہ اس نے ایم سرینواس اور سی وشواناتھ شٹی سے مذکورہ رقم حاصل کی تھی اور اس رقم کو کواڑی گوڑہ میں مقیم ایک نامعلوم شخص کو حوالہ کئے جانے والے تھی ۔ ٹاسک فورس نے ایم سرینواس اور وشواناتھ شٹی کو بھی گرفتار کرلیا اور ضبط شدہ رقم کے ساتھ مذکورہ افراد کو پولیس نارائن گوڑہ کے حوالہ کردیا ۔ منوگوڑ ضمنی انتخابات کے اعلان کے بعد سے دونوں شہروں میں حوالہ ریاکٹ کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی جاری ہے اور آئے دن کروڑہا روپئے ضبط کئے جارہے ہیں ۔