لکھنؤ:امام باڑہ غفران مآب میں محرم الحرام کی تیسری مجلس کو خطاب کرتے ہوئے مولانا سید کلب جوادنقوی نے عزاداری کی اہمیت ،فضلیت اور تاریخ پر روشنی ڈالی ۔انہوں نے کہاکہ عزاداری خلاف شریعت عمل نہیں ہے بلکہ سنت الہیہ ،سنت انبیا اور سنت محمد و آل محمدؑ ہے ،اس کے لئے مسلمانوں کو تاریخ اسلام کا غیر جانبداری کے ساتھ مطالعہ کرنا چاہیے ۔عزاداری شعائراللہ میں شامل ہے ،اس لئے اس کا احترام سب پر فرض ہے ۔مولانانے کہاکہ شہادت ایک مرتبۂ عظیم ہے جو ہر کسی کو نصیب نہیں ہوتا ۔حضرت ابراہیمؑ نے اللہ کے حکم پر اپنے بیٹے اسماعیل کو ذبح کرنا چاہا لیکن ان کی جگہ پر دنبہ ذبح ہوگیا ۔اسماعیل شہادت سے محروم رہ گئے لیکن اللہ نے قرآن مجید میں اس کو ’ذبح عظیم ‘ سے تعبیر کیا ۔آج تک مسلمان اس قربانی کی یاد میں عید الاضحی منارہے ہیں لیکن افسوس رسول خداحضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے بیٹے حضرت امام حسینؑ کی شہادت کی یاد منانے کو خلاف اسلام سمجھتے ہیں ،جبکہ یہ شہادت خواب ابراہیم کی تعبیر ہے ۔مجلس کے آخر میں مولانانے حضرت جون ؑ کی شہادت کا ذکر کیا جس پر عزاداروں نے بے حد گریہ کیا۔