حج ہائوز میں ضروری امور کی تکمیل، محکمہ جاتی جائزہ اجلاس، کے ایشور، اے کے خان، محمد سلیم اور دوسروں کی شرکت
حیدرآباد: حج کیمپ 2023ء کا 5 جون سے حج ہائوس نام پلی میں آغاز ہوگا جبکہ 7 جون سے عازمین حج کے قافلوں کی روانگی شروع ہوگی۔ حج 2023ء انتظامات کا جائزہ لینے کےلیے آج مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد ہوا۔ وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں حج انتظامات سے وابستہ تمام محکمہ جات کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے عازمین حج کو بہتر سہولتوں کے ساتھ روانگی اور واپسی کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہدایت جاری کی گئیں۔ اجلاس میں حکومت کے مشیر اے کے خان، صدرنشین حج کمیٹی محمد سلیم، رکن اسمبلی جعفر حسین معراج، صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ مسیح اللہ خان، جی ایم آر کمپنی کے بھرت کمار، چیف آپریٹنگ آفیسر جی ایم آر ارون بھیلے، ارکان حج کمیٹی سید نظام الدین، غلام احمد جعفر خان، عرفان الحق، حمید پٹیل، ایگزیکٹیو آفیسر بی شفیع اللہ، اسسٹنٹ ایگزیکٹیو آفیسر عرفان شریف، چیف ایگزیکٹیو آفیسر وقف بورڈ خواجہ معین الدین، ایڈیشنل ڈی سی پی رمنا ریڈی کے علاوہ جی ایچ ایم سی کسٹمس، ایمگریشن، سی آئی ایس ایف، وستارا ایرلائنس، حیدرآباد میٹرو واٹر ورکس، میڈیکل اینڈ ہیلتھ، ہارٹیکلچر، الیکٹریسٹی اور دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ وزیر اقلیتی بہبود نے کہا کہ ہر سال کی طرح حکومت کی جانب سے عازمین حج کے لیے موثر انتظامات کئے جارہے ہیں۔ حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ ملک میں ہمیشہ اپنی بہتر خدمات کے سبب نمبر 1 رہا ہے۔ حکومت کے مشیر اے کے خان نے حج کیمپ سے ایرپورٹ تک کے انتظامات کے سلسلہ میں عہدیداروں سے بات چیت کی۔
صدرنشین حج کمیٹی محمد سلیم نے کہا کہ 5 جون سے حج کیمپ کی سرگرمیوں کا آغاز ہوگا اور 7 جون کو پہلے قافلے کے عازمین کی رپورٹنگ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ رپورٹنگ کے بعد عازمین حج پہلی فلائٹ کی روانگی سے تقریباً 12 گھنٹے قبل حج ہائوز میں ضروری امور کی تکمیل کریں۔ پہلا قافلہ صبح 10:15 بجے شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ سے 150 عازمین حج کے ساتھ جدہ روانہ ہوگا۔ عازمین حج کو 4 خصوصی بسوں کے ذریعہ صبح 5 بجے حج ہائوز سے ایرپورٹ روانہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حج کیمپ میں رپورٹنگ کے بعد عازمین کا ٹکٹ کنفرم ہوگا اور پاسپورٹ پر اکامڈیشن اور دیگر تفصیلات کا اسٹیکر چسپاں کیا جائے گا۔ عازمین کا لگیج بھی حج ہائوس میں حاصل کیا جائے گا اور لگیج اسکریننگ مشین حج ہائوز پہنچ چکی ہے۔ روانگی سے قبل عازمین کو پاسپورٹ اور بورڈنگ کارڈ حوالے کیا جائے گا۔ کرنسی کی تبدیلی اور ریال حاصل کرنے کے لیے حج کیمپ میں 3 اسٹال لگائے جارہے ہیں جن میں ایس بی آئی، لو لو گروپ اور دارالسلام بینک کے اسٹالس شامل ہیں۔
محمد سلیم نے کہا کہ حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے 6 ہزار عازمین کی روانگی کا امکان ہے اور تلنگانہ کے علاوہ مہاراشٹرا، کرناٹک اور آندھراپردیش کے کچھ حصوں سے تعلق رکھنے والے عازمین بھی حیدرآباد سے روانہ ہوں گے۔ تمام محکمہ جات کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ عازمین حج کیلئے بہتر انتظامات کو یقینی بنائیں۔ محمد سلیم نے کہا کہ وستارا ایرلائنس کی فلائٹ مسقط میں ری فلنگ کے لیے نصف گھنٹے توقف کرسکتی ہے۔ حیدرآباد سے وستارا ایرلائنس کی جملہ 46 فلائٹس رہیں گی اور روزانہ 3 قافلے روانہ ہوں گے۔ تین قافلوں میں 450 عازمین جدہ پہنچیں گے۔ 22 جون کو آخری قافلے کی روانگی عمل میں آئے گی۔ حجاج کرام کی واپسی کا 14 جولائی سے آغاز ہوگا اور مدینہ منورہ سے قافلوں کی واپسی ہوگی۔ 29 جولائی کو آخری قافلہ مدینہ منورہ سے حیدرآباد واپس ہوگا۔ ر