بھارت جوڑو یاترا کے اختتام کے موقع پر کانگریس دفتر پر پرچم کشائی
رامپور( ذیشان مراد علیگ ) کنیا کماری سے کشمیر تک نکالی گئی بھارت جوڑو یاترا کے اختتام پر پورے ملک بھر کے کانگریس دفاتر سے اعلی قیادت کی اپیل پر آج حمایت اللہ خاں مارکیٹ واقع ضلع کانگریس دفتر پر پارٹی کارکنان نے قومی پرچم کشائی کی ۔ ساتھ ہی بابائے قوم مہاتما گاندھی کے یوم شہادت کے موقع پر صبح 10:58 پر باپو کی تصویر لے کر خاموش کھڑے ہوئے اور گاندھی سمادھی پہنچ کر گلہائے عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی سیکرٹری و رامپور کے انچارج اسلم میاں نے کہا کہ آج بابائے قوم مہاتما گاندھی کا یوم شہادت ہے۔ کنیا کماری سے شروع ہوئی بھارت جوڑو یاترا 12 صوبوں اور 3 مرکزی علاقوں سے گزرتے ہوئے آج کشمیر میں اختتام پذیر ہو رہی ہے۔ یہ یاترا تقریباً 4 ہزار کلومیٹر چلی ۔ راہل گاندھی جی نے نفرت کے بازار میں محبت کا پیغام لوگوں تک پہنچایا ہے ، جس سے سماج میں محبت بڑھی اور نفرت کا گراف گرا ہے ۔ قومی یک جہتی مضبوط ہوئی ہے ۔ راہل گاندھی کی قربانی اور تپسیہ سے ملک میں محبت کی جیت ہوگی اور نفرت کی ہار ہوگی ۔
اسلم میاں نے کہا کہ آج پورا ہندوستان بابائے قوم مہاتما گاندھی کا یوم شہادت منا رہا ہے ۔ انہوں نے سچائی کا راستہ منتخب کیا اور ملک میں محبت عام کی و نفرت پھیلانے والوں کو ملک سے باہر نکالا۔ ہم ان کی شہادت پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
سابق رکن اسمبلی افروز علی خاں نے کہا کہ نفرت، مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف لاکھوں لوگ یاترا میں ہمارے ساتھ آئے ہیں ۔ ایک خاندان کی طرح اپنی خوشیاں اور غم بانٹتے آئے ہیں ۔ بھارت جوڑو یاترا نے ایک تاریخ رقم کی ہے ۔ اس طویل اور کٹھن لیکن محبت سے سرشار یاترا نے ثابت کر دکھایا ہے کہ سچے ہندوستانی پیار تقسیم کرتے ہیں ملک نہیں ۔
سابق صوبائی نائب صدر مطیع الرحمن خاں ببلو نے کہا کہ بھارت جوڑو یاترا سے ملک میں ایک نئی محبت کی دوکان کھل گئی ہے ، نفرت پھیلانے والے بازاروں سے غائب ہو چکے ہیں۔ مہاتما گاندھی کا پیغام اور قربانی اس ملک کو ہمیشہ نئی سیکھ دیتی۔ ہم آج بھی ان کے بتائے راستے پر چل رہے ہیں۔ مستقبل میں سچ کی ہی جیت ہوگی۔
اس موقع پر شہر صدر نعمان خاں، صفدر نیازی، مامون شاہ خاں، سہیل خاں، عبد الجبار، رام گوپال سینی، شیزی سیفی، دیویانش سنگھل، امروز منصوری، شہروز منصوری، رحمٰن علی، کے کے کھتری، انکش اگروال، محمد ارشاد، فیضان علی، شاداب انصاری، نوشاد سیفی، خالد سیفی، شریف احمد وغیرہ موجود رہے۔