نئی دہلی (یو این آئی) ٹیکس دہندگان کے تجربے کو بہتر بنانے اور نئی ٹکنالوجی کے ساتھ ہم آہنگی برقرار رکھنے کے لیے، محکمہ انکم ٹیکس نے اپنی ویب سائٹ کو صارف دوست انٹرفیس، ویلیو ایڈڈ فیچرز اور نئے ماڈیولز کے ساتھ ایک نئی شکل میں لانچ کیا ہے۔اپ گریڈ شدہ ویب سائٹ کو ادے پور میں ڈائریکٹوریٹ آف انکم ٹیکس (سسٹمس) کے زیر اہتمام ‘چنتن شیور’ میں سنٹرل بورڈ آف ڈائریکٹ ٹیکس (سی بی ڈی ٹی) کے چیئرمین نتن گپتا نے لانچ کیا تھا۔ تاہم محکمہ انکم ٹیکس نے آج یہاں جاری ایک بیان میں یہ اطلاع دی ہے۔یہ ویب سائٹ ٹیکس اور دیگر متعلقہ معلومات کے ذخیرہ کے طور پر کام کرتی ہے۔ یہ کراس ریفرنس اور ہائپر لنکڈ طریقے سے براہ راست ٹیکس کے قوانین، مختلف دیگر متعلقہ ایکٹس، قواعد، انکم ٹیکس سرکلرز اور نوٹیفیکیشنز تک رسائی بھی فراہم کرتی ہے۔ یہ سائٹ ‘ٹیکس پیئر سروسز ماڈیول’ بھی پیش کرتی ہے جس میں ٹیکس دہندگان کو ان کے انکم ٹیکس ریٹرن داخل کرنے میں مدد کے لئے مختلف ٹیکس ٹولز شامل ہیں۔ویب سائٹ کو موبائل – ریسپانسیو لے آؤٹ کے لیے خوبصورتی سے دوبارہ ڈیزائن کیا گیا ہے۔ ویب سائٹ میں نئے فیچرز اور افعال کے ساتھ مواد کے لیے ایک ‘میگا مینو’ ہے۔ ویب سائٹ کے وزٹرز کی سہولت کے لیے، ان تمام نئے فیچرز کو ایک گائیڈڈ ورچوئل ٹور اور نئے بٹن انڈیکیٹرز کے ذریعے سمجھاگیا ہے۔نئی خصوصیات صارفین کو مختلف ایکٹس، سیکشنز، رولز اور ٹیکس معاہدوں کے درمیان موازنہ کرنے کے قابل بناتی ہیں۔ سائٹ پر تمام مواد کو آسان نیویگیشن کے لیے اب انکم ٹیکس سیکشنز کے ساتھ ٹیگ کردیا گیا ہے۔