ڈک ورتھ لوئس اصول کے تحت ہوا فیصلہ، ٹیم انڈیا کی سیمی فائنلمیں رسائی ہوئی آسان
ایڈیلیڈ(ایجنسیاں): ٹی-20 ورلڈ کپ 2022 کے ایک اہم میچ میں ہندوستان نے بنگلہ دیش کو ڈک ورتھ لوئس اصول کے تحت 5 رنز سے شکست دے دی۔ ایڈیلیڈ اوول میں کھیلے گئے میچ میں ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ہندوستانی ٹیم نے 6 وکٹوں پر 184 رنز بنائے۔ اس کے بعد بارش کی وجہ سے بنگلہ دیش کی ٹیم کو 16 اوورز میں 151 رنز کا ہدف حاصل ہوا لیکن وہ 6 وکٹوں پر 145 رنز ہی بنا سکی۔ بارش کے خلل ڈالنے سے قبل خطرناک بلے بازی کر رہے لٹن داس (27 گیندوں میں 60 رن) کو ٹیم انڈیا نے بارش بند ہونے کے بعد ترمیم شدہ ہدف (151 رن) کا تعاقب کرتے وقت رن آؤٹ کیا اور اس کے بعد رفتہ رفتہ میچ پر ٹیم انڈیا کی گرفت مضبوط ہوتی گئی۔ بنگلہ دیش کو آخری اوور میں جیت کے لئے 20 رن درکار تھے لیکن تمام کوششوں کے باوجود اس کے کھلاڑی صرف 14 رن ہی بنا سکے اور میچ انڈیا کے نام ہو گیا۔ ٹیم انڈیا اب گروپ دو میں ٹاپ پوزیشن پر پہنچ گئی ہے اور اس کا سیمی فائنل میں پہنچنا یقینی ہو گیا ہے۔
بنگلہ دیش کے خلاف جیت درج کرنے کے بعد ہندوستانی ٹیم اپنے گروپ میں ٹاپ پر پہنچ گئی ہے اور اس کے لیے سیمی فائنل تک رسائی کا راستہ آسان ہو گیا ہے۔ اب ہندوستان زمبابوے کو ہرا کر آسانی سے سیمی فائنل میں پہنچ سکتا ہے۔ زمبابوے کے خلاف جیت بھارت کو آٹھ پوائنٹس تک لے جائے گی جس تک پہنچنا پاکستان اور بنگلہ دیش کے لیے ناممکن ہو جائے گا۔ اگر ہندوستان کمزور زمبابوے سے ہار جاتا ہے تو بنگلہ دیش یا پاکستان کے ساتھ نیٹ رن ریٹ کا مسئلہ ہو سکتا ہے۔
بنگلہ دیش کے خلاف ہندوستان کی جیت کے بعد اب پاکستانی ٹیم کا سفر بہت مشکل ہو گیا ہے۔ اگر پاکستان جنوبی افریقہ کے خلاف میچ ہار گیا تو بابر بریگیڈ مقابلے سے باہر ہو جائے گی۔ اگر پاکستان جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کے خلاف میچ جیت بھی جاتا ہے تو اس کے 6 پوائنٹس ہی ہوں گے۔
اس طرح پاکستان توقع کرے گا کہ زمبابوے بنگلہ دیش جبکہ نیدرلینڈز جنوبی افریقہ کو شکست دے۔ ایسی صورت حال میں وہ پوائنٹس کی بنیاد پر جنوبی افریقہ کو پیچھے چھوڑ سکتا ہے یا ہندوستان کے ساتھ نیٹ رن ریٹ کا معاملہ بن سکتا ہے۔ مجموعی طور پر بنگلہ دیش کے خلاف ہندوستان کی جیت کی وجہ سے پاکستان کا سیمی فائنل تک رسائی بہت مشکل ہے۔بنگلہ دیش کی صورت حال اب پاکستان جیسی ہے۔ اسے سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے پہلے پاکستان کو بھی ہرانا ہوگا۔ اس کے علاوہ ہندوستان کی زمبابوے اور جنوبی افریقہ کو پاکستان اور نیدرلینڈ کے خلاف شکست کی دعا کرنی ہوگی۔ ایسی صورت حال میں بنگلہ دیش کے لیے سیمی فائنل تک رسائی آسان ہو سکتی ہے۔ جنوبی افریقہ کے لیے مساوات واضح ہے، اگر وہ پاکستان یا نیدرلینڈ کے خلاف میچ جیت جاتا ہے تو اس کی سیمی فائنل کی جگہ یقینی ہو جائے گی۔