چنئی( پریس ریلیز)۔ ریاست منی پور میں دو ماہ سے زائد عرصے سے جاری تشدد کے باعث وہاں کے لوگوں کی زندگیوں پر سوالیہ نشان لگا ہوا ہے۔ مسلم لیگ چاہتی ہے کہ منی پور میں جلد از جلد امن لوٹنا چاہیے۔ تمام طبقہ ہائے زندگی کے لوگوں کو سماجی ہم آہنگی سے رہنا چاہیے۔ ریاست دوبارہ سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن جائے۔ایسے میں انڈین یونین مسلم لیگ کی ایک فیلڈ اسٹڈی ٹیم 10جولائی کو منی پور پہنچی تاکہ فسادات اور تشدد سے متاثر منی پور کی موجودہ صورتحال کا ذاتی طور پر جائزہ لیا جاسکے۔
انڈین یونین مسلم لیگ کے قومی سیاسی مشاورتی کمیٹی کے چیئرمین صادق علی شہاب تنگل کی قیادت میں قومی آرگنائزنگ سکریٹری ای ٹی محمد بشیر، ایم پی ، خزانچی پی وی عبدالوہاب ، ایم پی ، سینئر نائب صدر ایم پی عبدالصمد صمدانی ، ایم پی ، پارلیمانی وہپ کے نواز غنی ، ایم پی ، قومی سکریٹری خرم انیس عمر نے 10اور 11جولائی2023 کو منی پور میں فساد متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔
وفد نے منی پور کے گورنر انسویا اوئیکی اور امپھال کے آرچ بشپ ڈومینک لومون سے ملاقات کی اور تھونجو کیندراریلیف کیمپ اور کومان لوپک ریلیف کیمپ کا دورہ کیا جہاں متاثرہ لوگ ٹھہرے ہوئے ہیں اور انہیں دلاسہ دیا اور ان سے تفصیلات حاصل کیں۔ ووسرے دن 11جولائی کی صبح کو انڈین یونین مسلم لیگ کے رہنماؤں نے منی پور کی 20 سے زائد عیسائی اسوسی ایشنس، بدھسٹ اسوسی ایشنس کونسل آف کرسچن چرچز اور کثیر مذہبی تنظیموں کے زیر اہتمام ایک امن ریلی میں شرکت کی اور انہیں تیقن دلایا کہ انڈین یونین مسلم لیگ منی پور میں امن، اتحاد اور ترقی کی بحالی کے لیے ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ انڈین یونین مسلم لیگ کی امن ٹیم نے ریاست منی پور کے علاقے امپھال میں رہنے والے مسلمانوں سے ملاقات کی جہاں 3 لاکھ سے زائد مسلمان رہتے ہیں اور انہیں یقین دلایا گیا کہ انڈین یونین مسلم لیگ یہاں کے لوگوں کی تعلیمی ترقی کے لیے کام کرتی رہے گی جہاں اقلیتی مسلمان تعلیم کے معاملے میں بہت پیچھے ہیں۔
انڈین یونین مسلم لیگ کے اراکین پارلیمان و لیڈران منی پور کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے اور تمام تفصیلات حاصل کرنے کے بعد 11جولائی کی رات دارالحکومت دہلی واپس آئے اور میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کیااور کہا کہ وہ مرکزی حکومت کو اس کی طرف توجہ دلانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ قومی سیاسی مشاورتی کمیٹی کے چیئرمین صادق علی شکاب نے صحافیوں کو بتایا کہ20 جولائی کو ہونے والے پارلیمانی اجلاس میںانڈین یونین مسلم لیگ کے اراکین پارلیمان منی پور کے لوگوں کے حقوق کے لیے اپنی آواز بلند کریں گے۔