نئی دہلی (یو این آئی) صحت اور خاندانی بہبود کے مرکزی وزیر منسکھ مانڈویہ نے صحت کی تحقیق سے وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے ہفتے کے روز کہا کہ قومی ترجیحی صحت کے مسائل سے نمٹنے کے لیے بامعنی اور اثر انگیز تحقیق کو فروغ دینے کے لیے بین محکمانہ کوآرڈینیشن شروع کیا گیا ہے۔
مسٹر مانڈویہ یہاں انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) کی گورننگ کونسل میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئی سی ایم آر کے بجٹ میں پچھلے 10 سالوں میں چار گنا اضافہ ہوا ہے۔ اس موقع پر صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزیر مملکت بھارتی پروین پوار بھی موجود تھیں۔
مسٹر مانڈویہ نے کہا کہ حکومت کی وابستگی اور آئی سی ایم آر کی انتھک کوششیں ہندوستان کو عالمی سطح پر طبی تحقیق اور ترقی میں ایک رہنما کے طور پر کھڑا کریں گے۔
مرکزی وزیر صحت نے کونسل سے درخواست کی کہ وہ طبی جدت طرازی میں عالمی توقعات کو پورا کرنے کے لیے بدلتے ہوئے وقت کے ساتھ ہم آہنگ رہنے میں ہندوستان کی مدد کرے۔ انہوں نے ملک کے تحقیق اور اختراعی ماحولیاتی نظام کو تیز کرنے کے لیے حکومت کے تعاون اور عزم کا یقین دلایا۔