نئی دہلی(یو این آئی) دہلی کی ایک عدالت نے جمعہ کے روز بہار کی سابق وزیر اعلیٰ رابڑی دیوی اور ان کی بیٹیوں میسا بھارتی اور ہیما یادو کو ریلوے میں ملازمت کے بدلے زمین گھوٹالہ معاملے میں 28 فروری تک عبوری ضمانت دے دی۔خصوصی ایم پی/ایم ایل اے کیس کے جج وشال گوگنے نے سماعت کے بعد کہا، "درخواست گزار/ملزمہ رابڑی دیوی (A-2)، میسا بھارتی (A-5)، ہیما یادو (A-6) اور ہردیانند چودھری (A-7) کے لیے ایک لاکھ روپے کے ذاتی مچلکے پر اگلی تاریخ تک عبوری ضمانت منظور کی جاتی ہے۔
جج نے ہدایت کی کہ ملزم نمبر 1 سے 7 کو شکایت کی کاپی اور اس کے ساتھ موجود دستاویزات فراہم کیے جائیں۔
مقدمہ میں دستاویزات کی جانچ پڑتال اور ملزم نمبر 2، 5، 6 اور 7 کی درخواست ضمانت کے ساتھ ہی ملزم نمبر 1 کی پہلے سے دائر درخواست ضمانت پر آئندہ تاریخ کو غور کیا جائے گا۔
محترمہ رابڑی دیوی، میسا بھارتی، ہیما یادو اور ہردیانند چودھری کے وکلاء نے باقاعدہ ضمانت کی درخواست دی ہے۔
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے سرکاری وکیل نے ضمانت کی درخواستوں کا جواب داخل کرنے کے لیے مختصر التواء طلب کیا۔
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے وکیل نے عرض کیا کہ درخواست دہندگان/ملزمان کو تفتیش کے دوران گرفتار نہیں کیا گیا لیکن کسی بھی متعلقہ نگرانی کے حالات کو ریکارڈ پر لانے کے لیے جواب داخل کرنے کی ضرورت ہے۔