ممبئی: بالی ووڈ کے مرحوم اداکار عرفان خان کے بیٹے بابل خان نے اپنے والد کی چوتھی برسی سے ایک روز قبل جذباتی خط تحریر کیا ہے۔ یاد رہے کہ 29 اپریل 2020 کو بالی ووڈ کے ورسٹائل اداکار عرفان خان 53 برس کی عمر میں کینسر کے باعث انتقال کرگئے تھے۔ ان کے بیٹے نے ہفتے کو اپنے انسٹا گرام پر شیئر کے گئے خط میں لکھا کہ وہ کبھی بھی والد کی یادوں کو فراموش نہیں کرسکتے۔
اپنی تحریر میں بابل نے والد کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لکھا کہ والد انہیں ہمیشہ جنگجو بننے کے لیے کہا کرتے تھے لیکن محبت اور مہربان طبعیت کے ساتھ۔ واضح رہے کہ 25 سالہ بابل نے چند روز قبل اپنی ایک پوسٹ ڈیلیٹ کردی تھی جس میں انہوں نے لکھا تھا کہ "محسوس کر رہا ہوں کہ بابا کے پاس جارہا ہوں،” تاہم پوسٹ پڑھ کر پرستار پریشان ہوگئے تھے۔