نئی دہلی:جامعہ ایڈمنسٹریٹیو اسٹاف ایسو سی ایشن (جاسا)نے وزارت دفاع کی جانب سے کرنل کمانڈینٹ این سی سی کی اعزازی رینک کی سرفرازی پر پروفیسر نجمہ اختر،شیخ الجامعہ،جامعہ ملیہ اسلامیہ کو تہنیت پیش کی ہے۔اس سلسلے میں ایک تقریب بائیس فروری دوہزار تئیس کو نہرو گیسٹ ہاؤس کے سبزہ زار پر منعقد کی گئی تھی جس میں مسجل، جامعہ ملیہ اسلامیہ پروفیسر ناظم حسین الجعفری،یونیورسٹی کے سینئر عہدیداران،جاسا کے جنرل سیکریٹری جناب نسیم احمد،جاسا کے صدر جناب جہانگیر احمد اور یونیورسٹی کے دیگر اراکین نے شرکت کی تھی۔
اس موقع پر یونیورسٹی کا غیر تدریسی عملہ جو ملازمت سے سبکدوش ہوچکاہے جامعہ کے تئیں ان کی بیش قیمت خدمات کے لیے شیخ الجامعہ،جامعہ ملیہ اسلامیہ پروفیسر نجمہ اختر نے انھیں مبارک باد پیش کی۔
سامعین سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر نجمہ اختر نے کہا کہ ’اس عزت افزائی کے لیے میں جاسا کی شکر گزار ہوں لیکن میں اتنا ضرور کہوں گی کہ یہ میری ذاتی کامیابی نہیں بلکہ پوری جامعہ برادری کی حصولیابی ہے‘۔
پروفیسر نجمہ اختر،شیخ الجامعہ،جامعہ ملیہ اسلامیہ نے مزید کہاکہ ’یونیورسٹی کا غیر تدریسی عملہ مشین کے ان اہم آلات کی طرح ہوتاہے جو باہر سے دکھائی نہیں دیتے لیکن جن کی کوششوں کے بغیر مشین موثر انداز سے اپنا کام نہیں کرسکتی ہے۔یونیورسٹی نئی نئی کامرانیوں کی تاریخ رقم کررہی ہے اور یہ سب کچھ یونیورسٹی کے تدریسی اور غیر تدریسی عملے کی اجتماعی کوششوں کے طفیل ممکن ہوسکا ہے۔“