لکھنؤ:جمعیۃ علما ء مدارس کے فارغین اور زیر تعلیم طلبہ کو عصری تعلیم سے ہم آہنگ کرنے اور انہیں اسی شعبہ میں آگے بڑھانے کے لیے شاہین گروپ کے اشتراک سے حفظ پلس کی طرح مدرسہ پلس کی اسکیم چلائے گی۔ اس کے لیے جمعیۃ علما اترپردیش کی مجلس عاملہ کی میٹنگ میں شاہین گروپ کے ساتھ ایک معاہدہ ہوا۔ جس میں جمعیۃ علما اوپن اسکول کے ڈائرکٹر عبدالماجد صاحب اور شاہین گروپ کے بانی ڈاکٹر عبدالقدیر نے کہا کہ پورے ملک میں پچاس اداروں، مدارس کا انتخاب کیاجائے گا اور ہر مدرسہ میں ایک سو حفاظ کو اٹھارہ ماہ کی متواتر محنت کے بعد ہائی اسکول سطح کا امتحان دلایاجائے۔ اس کے لیے جمعیۃ اوپن اسکول این آئی او ایس کے ساتھ آگے کی تعلیمی کارروائی مکمل کرائے گا۔ انہوں نے بتایاکہ یہ اقامتی (ہاسٹل) ادارہ ہوگا۔ اتوار کو عیش باغ واقع جمعیۃ علما کے کیمپ آفس میں ہوئی مجلس عاملہ کی میٹنگ میں جمعیۃ کے قومی صدر مولانا سید محمود اسعد مدنی نے بھی ورچولی خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وقت کا تقاضہ ہے کہ جمعیۃ کو مزید سرگرم کیاجائے ، اس کےلیے ضلع اور تحصیل سطح کے بعد اب جمعیۃ کو بلاک ،گاؤں اور محلہ کی سطح پر خود کو منظم و مستحکم کرنا ہوگا۔
ریاستی صدر مولانا عبدالرب اعظمی کی صدارت میں ہوئی میٹنگ میں دور حاضر میں اسلام اور مسلمانوں کے حوالے رائج غلط فہمیوں کے ازالہ اور نوجوانوں کی رہنمائی کے لیے ایک سہ رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی، جس میں مولانا عبدالمعیدقاسمی، مفتی محمد عفان منصورپوری، مفتی محمد قاسم رضا شامل ہیں۔ آج کی میٹنگ میں زونل سطح پر اضلاع کو مزید فعل بنانے کے لیے ہر زون میں پانچ اضلاع کو ماڈل اضلاع قرار دیاگیا۔ جس میں وسطی زون میں لکھیم پوری کھیر، فرخ آباد،ہردوئی، کانپور اور سیتاپور، مغربی زون میں شاملی، باغپت، مظفر نگر، سنبھل اور فیروزآباد، جبکہ مشرقی زون میں اعظم گڑھ، مؤ، وارانسی، سنت کبیر نگر اور پرتاپگڑھ شامل ہیں۔ آخر میں صدر محترم نےخطبہ صدارت کے ساتھ ساتھ دعائیہ کلمات پیش کئے۔انہیں کی دعا پر میٹنگ کا اختتام ہوا۔ آج کی میٹنگ میں مولانا سید محمد مدنی، مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی، مفتی ظفر احمد، مولانا بین یامین قاسمی، مولانا محمد عاقل قاسمی، سید ذہین صاحب، سمیت عاملہ کے درجنوں ممبران کے علاوہ چنندہ اضلاع کے ضلع صدور ، جنرل سکریٹری اور خصوصی مدعوین نے شرکت کی ۔