بڈاپسٹ (یو این آئی) ٹاپ نیزہ باز نیرج چوپڑا نے عالمی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کی 40 سالہ تاریخ میں ہندوستان کا پہلا گولڈ میڈل جیتا۔ٹوکیو اولمپک چیمپئن نیرج کو اتوار کے روز فائنل میں 88.17 کے بہترین تھرو کے ساتھ عالمی چیمپئن کا تاج پہنایا گیا۔ پاکستان کے ارشد ندیم 87.82 میٹر تھرو کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے جبکہ چیک جمہوریہ کے جیکوب وڈلیچ نے 86.67 میٹر تھرو کے ساتھ کانسے کا تمغہ جیتا۔
نیرج کے ہم وطن کشور جینا (84.77 میٹر) اپنے کیریئر کی بہترین کارکردگی کے ساتھ پانچویں نمبر پر رہے۔ ڈی پی منو 84.14 میٹر کے تھرو کے ساتھ چھٹے نمبر پر رہے۔ایشین گیمز، کامن ویلتھ گیمز اور اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والے نیرج نے اس کے ساتھ ہی پیرس اولمپکس 2024 کے لیے بھی کوالیفائی کر لیا ہے۔ انہوں نے گزشتہ سال یوجین میں منعقدہ عالمی چیمپئن شپ میں بھی چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔ نیرج کے علاوہ، انجو بابی جارج (خواتین کی طویل چھلانگ، 2003) واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے عالمی چیمپئن شپ میں ہندوستان کے لیے تمغہ جیتا ہے۔