ممبئی: بالی ووڈ کی معروف اداکارہ پرینیتی چوپڑا نے انکشاف کیا ہے کہ فلم انڈسٹری میں کام صرف میرٹ کی بنیاد پر نہیں ملتا بلکہ اچھے تعلقات درکار ہوتے ہیں۔ پرینیتی چوپڑا نے اپنے حالیہ انٹرویو میں بتایا ہے کہ بالی ووڈ میں کام صرف میرٹ یا اچھی اداکارانہ صلاحیتوں کی بنیاد پر نہیں ملتا بلکہ اچھے کام کے حصول کے لیے مختلف گروپس اور کیمپس کا حصّہ بننا پڑتا ہے۔اُنہوں نے بتایا کہ اگر میں صحیح وقت پر صحیح جگہ موجود نہیں ہوں اور میں پاپرازی فوٹو گرافرز ہر روز میری تصویریں نہیں بنا رہے ہیں تو مجھے کام حاصل کرنے میں جدوجہد کرنی پڑے گی۔
اداکارہ نے بتایا کہ میں ڈنر اور لنچ میٹ اپس پر یا ایسی پارٹیوں میں نہیں جاتی جہاں بالی ووڈ میں اچھا کام حاصل کرنے کے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔اُنہوں نے بتایا کہ میں چاہتی ہوں کہ ہدایتکار اور پروڈیوسر مجھے کام دینے کے لیے خود کال کریں کیونکہ میں سخت محنت کرنے کو تیار ہوں۔ پرینیتی چوپڑا نے کہا کہ میں نے 10 سال پہلے فلم ’عشقزادے‘ کے لیے نیشنل ایوارڈ جیتا تھا اور میں اب بھی ویسی ہی اداکارہ ہوں۔
اُنہوں نے کہا کہ میں ان اداکاروں کی آواز بننا چاہتی ہوں جو گروپس اور کیمپس کا حصّہ نہیں ہیں اور مجھے امید ہے کہ ہم بالی ووڈ میں لابنگ کے اس نظام کو توڑنے میں ضرور کامیاب ہوں گے کیونکہ میں چاہتی ہوں کہ سب کو یکساں مواقع اور کام ملنا چا ہیے۔اداکارہ نے مزید کہا کہ ہو سکتا ہے میں نے زیادہ اچھی فلمیں نہ کی ہوں لیکن میں آج بھی وہی اداکارہ ہوں جس نے 10 سال پہلے کام شروع کیا تھا اور کام کرنے کے لیے صحیح پلیٹ فارم کی تلاش میں ہے۔